پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکا ایران کی شرائط پوری کردے تو چند گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کھل سکتی ہے: اسماعیل بقائی

قومی خبریں
امریکا ایران کی شرائط پوری کردے تو چند گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کھل سکتی ہے: اسماعیل بقائی

ایران نے امریکا کے ساتھ معاہدے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو چند گھنٹوں کے اندر دوبارہ کھولنے اور وہاں بحری سلامتی بحال کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران شرائط پوری ہونے پر فوری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کسی معاہدے پر پہنچنے کی صورت میں اس پر تیزی سے عمل درآمد کرسکتا ہے۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا معاہدہ طے پانے کے صرف 2 گھنٹے بعد آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھولا جاسکتا ہے؟

اسماعیل بقائی نے جواب میں کہا کہ ایران اپنے وعدوں پر قائم رہنے کا عزم رکھتا ہے اور دوسری جانب سے متعلقہ شرائط پوری کیے جانے کے بعد جلد از جلد معاہدے پر عمل درآمد کرے گا۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ تہران اپنے قومی مفادات اور ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے مقاصد اور عوام کے حقوق سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے دفاع کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

ایرانی ترجمان نے امریکا کی جانب سے مسلسل دھمکیوں اور جنگ میں کامیابی کے دعوؤں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی طرف سے فتح کے اعلانات تقریباً روزانہ کی بنیاد پر کیے جارہے ہیں۔

اسماعیل بقائی کے مطابق امریکی دھمکیوں سے ایرانی عوام اپنے ملک، قومی وقار اور سرزمین کے دفاع کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، بلکہ اس طرح کے بیانات ایرانی قوم کے حوصلے اور اتحاد کو مزید تقویت دیتے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے دی گئی تازہ دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا تھا کہ اگر نئے سال تک تہران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہوسکا تو وہ دوبارہ جنگ شروع کرنے پر آمادہ ہوسکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت