پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مکمل نیند کے باوجود تھکاوٹ برقرار رہنے کی وجوہات سامنے آگئیں

قومی خبریں

8 گھنٹے کی نیند لینے کے باوجود صبح بیدار ہونے پر تھکاوٹ، سر میں بھاری پن اور سستی محسوس ہونا محض نیند کی کمی یا ذہنی دباؤ کا نتیجہ نہیں، بلکہ اس کی ایک وجہ فضائی آلودگی بھی ہوسکتی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ہوا میں موجود آلودہ ذرات نیند کے قدرتی عمل کو متاثر کرکے جسم اور دماغ کو مطلوبہ آرام سے محروم کرسکتے ہیں۔

سردیوں کے موسم میں فضائی آلودگی کی شدت بڑھنے کے باعث اس کے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات بھی زیادہ نمایاں ہوجاتے ہیں۔ گاڑیوں کے دھوئیں، گردوغبار اور دیگر آلودہ مادوں سے پیدا ہونے والے باریک ذرات سانس کی نالی میں سوزش اور جلن کا باعث بنتے ہیں، جس سے رات کے دوران سانس لینے میں دشواری اور نیند بار بار متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں موجود ذرات کا حجم ان کے جسم پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ بڑے ذرات سانس کی بالائی نالیوں کو متاثر کرتے ہیں، جبکہ انتہائی چھوٹے ذرات پھیپھڑوں کے اندرونی حصوں تک پہنچنے کے علاوہ خون میں بھی شامل ہوسکتے ہیں، جہاں سے ان کے اثرات جسم کے دیگر حصوں تک منتقل ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

بھارتی خبر رساں ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کے مطابق، فورٹس اسپتال نوئیڈا کی سینئر کنسلٹنٹ نیورولوجسٹ ڈاکٹر نیہا پنڈیتا کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے باعث سانس کی بالائی نالیوں میں جلن پیدا ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں گلے میں تکلیف، ناک بند ہونے اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات سامنے آتی ہیں۔ یہ مسائل رات کے وقت شدت اختیار کرکے پرسکون نیند میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

ان کے مطابق انتہائی باریک آلودہ ذرات پھیپھڑوں کے گہرے حصوں میں داخل ہونے کے بعد خون میں شامل ہوسکتے ہیں، جس سے جسم میں سوزش کا عمل شروع ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ اس سوزش کے اثرات اعصابی نظام تک بھی پہنچ سکتے ہیں اور دماغ کے معمول کے افعال متاثر ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

ڈاکٹر نیہا پنڈیتا کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے نتیجے میں دماغ اور اعصابی نظام میں پیدا ہونے والی معمولی سوزش بھی گہری نیند کے تسلسل کو متاثر کرسکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض افراد رات بھر مناسب وقت سونے کے باوجود صبح بیدار ہونے پر تھکاوٹ، سستی اور ذہنی بوجھ محسوس کرتے ہیں۔

انسانی جسم میں ایک قدرتی نظام موجود ہوتا ہے جسے جسمانی گھڑی کہا جاتا ہے۔ یہ نظام نیند اور بیداری کے اوقات متعین کرنے کے ساتھ دن کے مختلف حصوں میں جسمانی سرگرمیوں اور افعال کو منظم رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اس نظام کو درست رکھنے کے لیے قدرتی روشنی، بالخصوص صبح کی دھوپ، انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

صبح کے وقت قدرتی روشنی دماغ کو دن شروع ہونے کا پیغام دیتی ہے، جس سے جسم کی نیند اور بیداری کا معمول برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ تاہم سردیوں میں دن چھوٹے ہونے اور قدرتی روشنی کی مقدار کم ہونے سے جسمانی گھڑی متاثر ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والا آکسیڈیٹو دباؤ دماغ کے اہم حصے ہائپوتھیلمس کو متاثر کرسکتا ہے، جو جسمانی گھڑی سمیت متعدد اہم افعال کی نگرانی کرتا ہے۔ جب اس حصے کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے تو نیند اور بیداری کے معمول میں بے ترتیبی پیدا ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ آلودہ ہوا کے باعث ناک بند ہونے، کھانسی، گلے میں جلن اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات رات کے دوران بار بار نیند میں خلل ڈال سکتی ہیں۔ اس صورتحال میں جسم کا وہ اعصابی نظام بھی متحرک ہوسکتا ہے جو خطرے یا دباؤ کی حالت میں انسان کو چوکنا رکھنے کا کام کرتا ہے۔

جب سانس کی نالیوں میں جلن یا سوزش پیدا ہوتی ہے تو دماغ مکمل طور پر سکون کی حالت میں جانے کے بجائے کسی حد تک چوکنا رہ سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں نیند کے دوران مختصر وقفوں کے لیے بیداری کی کیفیت پیدا ہوتی ہے، جسے نیند میں عارضی خلل کہا جاتا ہے۔

یہ مختصر وقفے بعض اوقات اتنے کم ہوتے ہیں کہ انسان کو اپنی نیند متاثر ہونے یا آنکھ کھلنے کا احساس بھی نہیں ہوتا، تاہم رات بھر ان کی تکرار جسم کو مکمل آرام سے محروم کرسکتی ہے۔ اس طرح صبح بیدار ہونے پر تھکاوٹ اور کمزوری محسوس ہونے لگتی ہے، حالانکہ بظاہر نیند کا دورانیہ پورا ہوچکا ہوتا ہے۔

فضائی آلودگی کے اثرات ان افراد کے لیے زیادہ سنگین ہوسکتے ہیں جو پہلے ہی خراٹے لینے یا نیند کے دوران سانس رکنے جیسے مسائل کا شکار ہیں۔ آلودہ ہوا ان کی سانس لینے کی دشواریوں میں اضافہ کرکے نیند کے معیار کو مزید خراب کرسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی نیند کے لیے صرف گھنٹوں کا حساب رکھنا کافی نہیں، بلکہ اس کا مسلسل اور پرسکون ہونا بھی ضروری ہے۔ نیند کے دوران جسم اور دماغ مختلف مراحل سے گزرتے ہیں، جن میں گہری نیند اور خوابوں سے وابستہ نیند کے مراحل بھی شامل ہیں۔ یہ مراحل جسمانی بحالی، یادداشت کو محفوظ رکھنے اور دماغ کی معمول کی کارکردگی کے لیے اہم ہوتے ہیں۔

اگر کھانسی، ناک بند ہونے یا سانس لینے میں دشواری کے باعث نیند بار بار ٹوٹتی رہے تو جسم ان اہم مراحل میں مطلوبہ وقت نہیں گزار پاتا، جس کے نتیجے میں نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے اور اگلے دن تھکاوٹ برقرار رہ سکتی ہے۔

فضائی آلودگی کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہ ہونے کے باوجود گھر کے اندر ہوا کے معیار کو بہتر بنا کر اس کے اثرات سے بچنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ ماہرین سونے کے کمرے میں گردوغبار کی مقدار کم رکھنے، صفائی کا خاص خیال رکھنے اور ہوا کو صاف رکھنے کے لیے مناسب فلٹرز والے آلات استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

اس کے ساتھ اپنے علاقے میں فضائی آلودگی کی سطح پر نظر رکھنا بھی ضروری ہے۔ اگر ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار زیادہ ہو تو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔ گھر کے اندر سگریٹ نوشی، اگر بتی اور ایسے دیگر ذرائع سے بھی بچنا چاہیے جو ہوا میں دھواں اور آلودہ ذرات شامل کرتے ہیں۔

بستر کی چادریں باقاعدگی سے دھونے، کمرے میں گردوغبار جمع نہ ہونے دینے اور صفائی کے معمول کو برقرار رکھنے سے بھی ماحول کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

نیند کے معمولات میں بہتری لانے کے لیے روزانہ ایک ہی وقت پر سونے اور بیدار ہونے کی عادت اپنانا اہم ہے۔ صبح قدرتی روشنی میں کچھ وقت گزارنے سے جسمانی گھڑی کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد ملتی ہے، جبکہ رات کو سونے سے 2 سے 3 گھنٹے پہلے بھاری کھانے سے گریز کرنا بھی بہتر نیند کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شخص کو مسلسل خراٹے آنے، نیند کے دوران سانس رکنے یا ہانپنے، صبح بیدار ہونے پر سر میں درد یا دن بھر غیر معمولی غنودگی محسوس ہونے کی شکایت ہو تو اسے معمولی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ایسی علامات کی صورت میں طبی معائنہ کروانا ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق صحت مند نیند کا انحصار صرف اس بات پر نہیں کہ انسان کتنے گھنٹے سوتا ہے، بلکہ اس کے ماحول، سانس لینے کی کیفیت، نیند کے تسلسل اور جسمانی گھڑی کی درست کارکردگی پر بھی ہوتا ہے۔ سردیوں میں فضائی آلودگی بڑھنے کے پیش نظر ان عوامل پر توجہ دینا جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے اہم ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت