بلاول بھٹو آج سندھ یوتھ کارڈ پروگرام کا افتتاح کریں گے، ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج سندھ یوتھ کارڈ پروگرام کا افتتاح کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس پروگرام کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں سندھ کے ایک لاکھ نوجوانوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا، جبکہ صوبے کے تمام 30 اضلاع میں 15 سے 29 سال کی عمر کے نوجوان سندھ یوتھ کارڈ کے لیے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
سندھ یوتھ کارڈ کے تحت نوجوانوں کو ڈیجیٹل بینکنگ، تعلیمی وظائف، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 180 سے زائد کاروباری اداروں میں کارڈ ہولڈرز کو خصوصی رعایتیں بھی دی جائیں گی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ مستقبل میں پروگرام سے مستفید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 لاکھ تک بڑھانے کا منصوبہ ہے، جبکہ نوجوانوں کو 5 لاکھ روپے تک کے قرضے رعایتی شرح سود پر فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت