پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

میٹا کے مصنوعی ذہانت کے سربراہ نے 2027 سے متعلق بڑا انکشاف کردیا

قومی خبریں
میٹا کے مصنوعی ذہانت کے سربراہ نے 2027 سے متعلق بڑا انکشاف کردیا

مصنوعی ذہانت کی ایسی ٹیکنالوجی سامنے آنے کا امکان ہے جو انسانی ذہانت کی تمام صلاحیتوں میں انسانوں سے کہیں آگے نکل جائے گی اور میٹا کے شعبہ مصنوعی ذہانت کے سربراہ نے اس پیش رفت کے لیے 2027 کو اہم سال قرار دیا ہے۔

میٹا کے چیف مصنوعی ذہانت افسر الیگزینڈر وانگ کے مطابق مصنوعی ذہانت کی ترقی کا اگلا مرحلہ، جسے سپر انٹیلی جنس کہا جاتا ہے، اب زیادہ دور نہیں اور اس کی آمد انسانیت کے مستقبل میں بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتی ہے۔

سپر انٹیلی جنس سے مراد ایسی ٹیکنالوجی ہے جو تخلیقی صلاحیتوں، عمومی معلومات، پیچیدہ مسائل حل کرنے، فیصلہ سازی اور سماجی سمجھ بوجھ سمیت ذہانت کے مختلف شعبوں میں انسانی صلاحیتوں سے کہیں زیادہ آگے ہو۔ یہ ٹیکنالوجی دنیا کے ذہین ترین انسانوں کی مجموعی ذہنی استعداد کو بھی پیچھے چھوڑنے کی صلاحیت رکھ سکتی ہے۔

الیگزینڈر وانگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آئندہ 1 سال کے دوران کیے جانے والے فیصلے اس بات کا تعین کریں گے کہ مستقبل میں انسان کس طرح کی دنیا میں زندگی گزاریں گے، 2027 میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں میں غیر معمولی پیش رفت متوقع ہے، جس سے انسانوں کے کام کرنے، روزمرہ زندگی گزارنے اور مختلف معاملات میں فیصلے کرنے کے طریقوں میں بنیادی تبدیلی آسکتی ہے۔

میٹا کے مصنوعی ذہانت کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر مصنوعی ذہانت کے نظام انسانی نگرانی اور مؤثر کنٹرول کے بغیر اپنی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتے رہے تو مستقبل میں انہیں قابو میں رکھنا انسانوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے، سپر انٹیلی جنس کا وجود میں آنا ناگزیر ہے، تاہم اصل چیلنج اس ٹیکنالوجی کو محفوظ بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اس کی ترقی انسانیت کے مفاد میں ہو۔

انہوں نے ٹیکنالوجی کی ترقی میں مصروف کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت کے نئے نظام تیار کرتے وقت ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ تحفظ اور سلامتی کو بھی بنیادی ترجیح بنائیں۔

الیگزینڈر وانگ کا کہنا تھا کہ انسانوں کو معاشرے اور اہم فیصلوں کا اختیار مصنوعی ذہانت کے حوالے نہیں کرنا چاہیے، بلکہ ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنے کی کوشش ہونی چاہیے جو انسانی اختیار کو محدود کرنے کے بجائے لوگوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرے اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت