9 گھنٹے سے زائد نیند دل کے مریضوں میں اموات کا خطرہ بڑھاتی ہے، تحقیق

بیجنگ: دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے طویل دورانیے کی نیند صحت کے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے، جس سے اموات کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
15 سالہ تحقیق کے حالیہ نتائج میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ جو مریض 9 گھنٹے یا اس سے زائد سوتے ہیں، ان میں موت کا خطرہ 7 سے 8 گھنٹے سونے والوں کی نسبت 50 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ سونا بذات خود کوئی بیماری نہیں بلکہ یہ جسم میں موجود دیگر پیچیدہ طبی مسائل کی علامت ہو سکتی ہے۔
طویل نیند کا تعلق اکثر ڈپریشن، جسمانی سوزش، سانس لینے میں دشواری اور ایک سے زائد دائمی بیماریوں سے جڑا ہوتا ہے۔ ایسی صورتحال میں مریض کے طبی معائنے میں مزید احتیاط برتنی چاہیے۔
محققین نے واضح کیا ہے کہ دل کے مریضوں میں معمول سے ہٹ کر زیادہ نیند لینا صحت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو ظاہر کرتا ہے، جسے اکثر روایتی طبی چیک اپ کے دوران نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ مریضوں کی نیند کے دورانیے پر توجہ دینا ان کی زندگی بچانے کے لیے ایک کلیدی قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریضوں سے ان کی نیند کے دورانیے کے بارے میں سوال کرنا ایک انتہائی سادہ، آسان اور کم خرچ طریقہ کار ہے۔ اس عمل سے خطرے سے دوچار افراد کی بروقت نشاندہی ممکن ہے، جس کے بعد ان کا مزید تفصیلی طبی معائنہ کر کے بروقت علاج شروع کیا جا سکتا ہے۔
یہ تحقیق اس بات پر زور دیتی ہے کہ طویل نیند کو موت کی حتمی علامت نہیں سمجھنا چاہیے، تاہم طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ دل کے مریضوں کو اپنی نیند کے معمولات میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ایسی صورت میں فوری طور پر اپنے معالج سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
یہ طبی معلومات اسپتالوں اور عام مراکز صحت میں مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
محققین نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ بروقت آگاہی اور نیند کے دورانیے کی مانیٹرنگ سے پیچیدگیوں کو کم کرنا ممکن ہے، جس سے مریض کی مجموعی صحت اور زندگی کے معیار میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت