پی پی نوجوانوں کا حق مار رہی ہے، نئے صوبے ترقی و سلامتی کیلیے ناگزیر ہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی: وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے ملکی استحکام اور معاشی خوشحالی کے حصول کے لیے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق شہر کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی میں تیزی سے اضافہ اور بنیادی سہولیات کا فقدان معیشت کو مفلوج کر رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جعلی ڈومیسائل کی آڑ میں مقامی نوجوانوں کا حق چھین رہی ہے، جس سے تعلیم اور روزگار کے مواقع محدود ہو رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہم نے کراچی کو ’را‘ کے تسلط سے چھڑا کر امن قائم کیا ہے اور اب تمام لسانی گروہوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ آج سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے وفود کے درمیان اہم سیاسی ملاقات متوقع ہے جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت