پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

رائزنگ اسٹارز ایشیاکپ: پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دیدی

قومی خبریں
رائزنگ اسٹارز ایشیاکپ: پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دیدی

دوحا: پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اہم میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے دی۔

دوحا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز شامل حسین اور معاذ صداقت نے ٹیم کو 66 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ شامل حسین 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

معاذ صداقت اور حسن نواز نے تیسری وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ معاذ صداقت نے 59 رنز بنائے، جبکہ کپتان عبدالصمد نے 28 رنز کا حصہ ڈالا۔ حسن نواز نے پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

دوسری جانب فرحان یوسف نے 46 گیندوں پر 56 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے وپراج، سوریانش، پرنس اور ہرشیتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کے دو کھلاڑی 26 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ تیسری وکٹ پر کپتان تلک ورما اور ابھیشک شرما نے 67 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ ابھیشک شرما نے چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔

بعد ازاں بھارتی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی، تاہم کپتان تلک ورما اور شہباز احمد نے ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز جوڑ کر مقابلے میں واپسی کی کوشش کی۔ شہباز احمد 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ تلک ورما نے 100 رنز کی اننگز کھیلی اور آخری کھلاڑی کے طور پر پویلین لوٹے۔

بھارت اے کی پوری ٹیم 265 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے تین، تین جبکہ عمران رندھاوا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان شاہینز کے دو میچوں میں چار پوائنٹس ہوگئے ہیں اور ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت