پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

رات گئے کھانے اور سونے کی عادت میٹابولک امراض کا خطرہ بڑھا سکتی ہے: تحقیق

قومی خبریں
رات گئے کھانے اور سونے کی عادت میٹابولک امراض کا خطرہ بڑھا سکتی ہے: تحقیق

رات گئے کھانا کھانے اور دیر سے سونے کا معمول جسم کی اندرونی گھڑی کو متاثر کرنے کے ساتھ میٹابولک سینڈروم سمیت متعدد طبی مسائل کا سبب بن سکتا ہے، جس سے دل کی بیماریوں اور ذیابیطس کا خطرہ بھی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ رات گئے کھانے اور سونے کے عادی افراد کے جسمانی نظام میں ایسی تبدیلیاں پیدا ہوسکتی ہیں جو معدے میں سوزش اور مختلف ہاضمے کے مسائل کا باعث بنتی ہیں، جبکہ ان تبدیلیوں کا تعلق میٹابولک سینڈروم سے بھی جوڑا گیا ہے۔

تحقیق کے دوران موٹاپے کا شکار 87 ایسے افراد کا جائزہ لیا گیا جو رات گئے کھانا کھانے اور سونے کے معمول پر عمل کرتے تھے۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جسم کی اندرونی گھڑی کے افعال متاثر ہونے کی صورت میں معدے میں سوزش بڑھنے اور مختلف معدے کے امراض کا سامنا کرنے کے امکانات زیادہ ہوجاتے ہیں۔

محققین کے مطابق یہ نتائج ماضی میں سامنے آنے والے شواہد کی بھی تائید کرتے ہیں، جن میں دیر سے سونے کی عادت کو جسم کے میٹابولک نظام میں خرابیوں سے منسلک کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ رات گئے سونے سے جسم کی اندرونی گھڑی اور روزمرہ معمولات کے درمیان عدم مطابقت پیدا ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں جسمانی افعال متاثر ہوتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ رات گئے کھانا کھانے کے معمول سے جسم کے میٹابولزم پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ جب محققین نے دیر سے کھانے اور سونے کی عادات کے مشترکہ اثرات کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ ایسے 73 فیصد افراد میں وقت گزرنے کے ساتھ میٹابولک سینڈروم کے خطرے سے متعلق علامات پیدا ہونے کا امکان تھا۔

ماہرین نے واضح کیا کہ اس تحقیق کی بنیاد پر حتمی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ رات گئے کھانا کھانے اور سونے سے براہ راست میٹابولک سینڈروم لاحق ہوتا ہے، تاہم نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ عادات ذیابیطس، بلند فشار خون اور کولیسٹرول سمیت دیگر طبی مسائل کے خطرے میں اضافے سے تعلق رکھ سکتی ہیں۔

میٹابولک سینڈروم ایسی طبی کیفیت ہے جس میں کئی بیماریوں اور جسمانی خرابیوں کا مجموعہ سامنے آتا ہے۔ اس میں بلند فشار خون، خون میں شکر کی زیادتی، کولیسٹرول کی خرابی اور خون میں چکنائی کی غیر معمولی مقدار شامل ہیں، جو مجموعی طور پر امراض قلب، ذیابیطس اور دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق کسی شخص میں پیٹ کے گرد چربی جمع ہونے، بلند فشار خون، خون میں شکر کی زیادتی، چکنائی کی غیر معمولی مقدار اور صحت کے لیے مفید کولیسٹرول کی کمی میں سے کم از کم 3 علامات موجود ہوں تو اسے میٹابولک سینڈروم کا شکار قرار دیا جاسکتا ہے۔

اس کیفیت کے خطرے میں اضافے کی دیگر وجوہات میں جسمانی سرگرمیوں کی کمی، طویل وقت تک بیٹھے رہنا، میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال، چکنائی اور شکر سے بھرپور غذائیں کھانا، ذہنی دباؤ، نیند کی کمی اور بیکری کی مصنوعات کا کثرت سے استعمال شامل ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت