اتوار، 22 نومبر، 2026 · 13 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی میں سردی کی شدت کب بڑھے گی؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

قومی خبریں
کراچی میں سردی کی شدت کب بڑھے گی؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے رات کے اوقات میں خنکی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں معمول سے انتہائی کم بارشوں کے باعث خشک سالی کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں اس وقت درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ شہر میں دن کے دوران موسم خشک رہنے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شمال شمال مغربی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی غیر معمولی کمی نے خشک سالی کے خدشات میں اضافہ کردیا ہے۔ صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے قومی ہنگامی صورت حال مرکز اور محکمہ موسمیات نے دونوں صوبوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں خشک سالی کی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک بھی اس خطرے کی زد میں آسکتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں بارشوں کی کمی کی صورت حال مسلسل تشویش ناک رہی ہے۔ ستمبر کے دوران معمول کے مقابلے میں 90 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ اکتوبر میں یہ کمی 200 فیصد اور نومبر کے ابتدائی 20 دنوں کے دوران 99 فیصد رہی۔

اسی طرح بلوچستان میں بھی اکتوبر اور نومبر کے دوران معمول سے کہیں کم بارشیں ہوئیں، جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں خشک سالی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ برقرار رہنے کی صورت میں آئندہ 3 ماہ کے دوران سندھ اور بلوچستان میں خشک سالی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں صورت حال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت