جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 19 سال پرانا ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کردی

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں دونوں اننگز کے ابتدائی اوور میں وکٹ حاصل کرکے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے بھارت کے تیسرے گیند باز بن گئے۔
بمراہ نے پہلی اننگز میں میچ کے ابتدائی اوور کی تیسری گیند پر نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم کو بولڈ کرکے پویلین بھیجا، جبکہ دوسری اننگز میں بھی انہوں نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر لیتھم کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم دونوں اننگز میں کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے، جس کے نتیجے میں وہ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں صفر پر پویلین لوٹنے والے کپتانوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
جسپریت بمراہ کی اس شاندار کارکردگی نے انہیں بھارتی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد مقام دلادیا ہے۔ اس سے قبل ایس سری سنت نے 2006 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف، جبکہ ظہیر خان نے 2007 میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز کے پہلے اوور میں وکٹیں حاصل کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
دوسری جانب ٹام لیتھم کے لیے یہ ٹیسٹ میچ مایوس کن ثابت ہوا، وہ دونوں اننگز میں کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ہیری کیو اور اسٹیفن فلیمنگ بھی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت