کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی فون کالز کا جواب دینے سے انکار کردیا، ملاقات کی امریکی کوشش بھی ناکام: امریکی میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے دوبارہ ملاقات کی کوششیں ناکام ہوگئیں، جبکہ کم جونگ اُن نے امریکی صدر کی جانب سے بھیجی گئی فون کالز اور خط کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے کی بحالی کے لیے کی جانے والی حالیہ کوششوں کے باوجود شمالی کوریا کی جانب سے سردمہری برقرار ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان قائم ٹیلی فون لائنز اور دیگر رابطہ ذرائع کے ذریعے کم جونگ اُن سے بات کرنے کی کوشش کی، تاہم شمالی کوریا کی جانب سے ان کی کسی کال کا جواب نہیں دیا گیا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ فون پر رابطہ نہ ہونے کے بعد امریکی صدر نے شمالی کوریا کے رہنما کو خط بھی لکھا، لیکن اسے کم جونگ اُن تک پہنچانا بھی امریکی حکام کے لیے ایک مشکل مرحلہ بن گیا۔
اس مقصد کے لیے وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں نے ایک منصوبہ تیار کیا، جس کے تحت امریکی نمائندوں کا ایک گروپ نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن کے دفتر کے باہر تعینات کیا گیا۔ جب وہاں سے ایک شمالی کوریائی سفارت کار گزرا تو امریکی نمائندوں نے فوری طور پر خط اس کے حوالے کردیا۔
ذرائع کے مطابق بعد میں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس کے دوران شمالی کوریائی سفارت کار نے امریکی نمائندے کے سامنے وہ خط واپس پھینک دیا، جو کھولا بھی نہیں گیا تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ماضی میں 3 ملاقاتیں ہوچکی ہیں، جن میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کا معاملہ بنیادی اہمیت رکھتا تھا۔ تاہم اب صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور کم جونگ اُن کی جانب سے نہ تو اپنے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے آثار دکھائی دے رہے ہیں اور نہ ہی وہ امریکی صدر کے ساتھ تعلقات بحال کرنے میں دلچسپی رکھتے نظر آتے ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے اپنے حالیہ دورہ ایشیا کے دوران بھی کم جونگ اُن سے ملاقات کی کوشش کی، لیکن یہ پیش رفت بھی کامیاب نہ ہوسکی۔ مذاکرات سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے آخری لمحات میں براہ راست ملاقات کے امکان پر غور کیا گیا، تاہم کم جونگ اُن نے ایسی شرائط پیش کردیں جنہیں امریکا کے لیے قبول کرنا ممکن نہیں تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کی مسلسل کوششوں اور شمالی کوریا کے رہنما کی خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن پیانگ یانگ کو اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار کرانے میں اب تک کامیاب نہیں ہوسکا۔ امریکا کو یہ حقیقت بھی تسلیم کرنا پڑ رہی ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری حیثیت کو تبدیل کرنا ایک مشکل ہدف بن چکا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس اداروں نے گزشتہ سال اپنے سالانہ خطرات کے جائزے میں بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ کم جونگ اُن اپنے اسٹریٹجک ہتھیاروں کے پروگراموں پر کسی قسم کی سودے بازی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ آخری ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت ملک کے پاس اندازاً 20 سے 30 جوہری وار ہیڈز موجود تھے، جن کی تعداد اب بڑھ کر تقریباً 60 ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ شمالی کوریا نے ٹھوس ایندھن سے چلنے والے ایسے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی تیار کرلیے ہیں جو امریکا تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کم جونگ اُن اب امریکا سے مطالبہ کررہے ہیں کہ شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کیا جائے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی اور جوہری تنازع کے حل کی امیدیں مزید کمزور پڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت