پاکستان تنازعات کا حل چاہتا ہے، امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا فعال سفارتی کردار جاری ہے: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کا فعال سفارتی کردار جاری ہے اور وہ خطے میں امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا حامی ہے۔
ترک ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی عالمی معیشت کے مفاد میں ہے، کیونکہ ایران جنگ کے معاشی اثرات پوری دنیا کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کو پاکستان کے لیے بڑا سکیورٹی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد جدید اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی کے بجائے تعاون کا حامی ہے اور امریکا اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون علاقائی استحکام کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت