اتوار، 22 نومبر، 2026 · 13 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپےکا ترقیاتی پیکج، صوبےکو 10 ارب روپے جاری کردیےگئے

قومی خبریں
خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپےکا ترقیاتی پیکج، صوبےکو 10 ارب روپے جاری کردیےگئے

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے اعلان کے بعد ابتدائی طور پر 10 ارب روپے صوبائی حکومت کو جاری کردیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ ان میں 7 خصوصی منصوبوں کے لیے 19 ارب 27 کروڑ روپے جبکہ 423 دیگر منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان اضلاع میں 100 اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

امن و امان اور پولیس کی استعداد میں اضافہ

ترقیاتی پیکج کے تحت امن و امان سے متعلق 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے خطیر رقم مختص

دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے میں 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت اور بہتری کا کام کیا جائے گا، جبکہ 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

سڑکوں، پانی اور دیگر منصوبوں پر بھی کام ہوگا

مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ترقیاتی پیکج میں ٹل پاراچنار سڑک اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

اسی طرح 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گ تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں سہولت فراہم کی جاسکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت