ایک وزیر آجکل مجھ پر تبصرے کررہا ہے، میں نے جواب دیا تو منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک وزیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے ان کے خلاف مسلسل بیانات دے رہے ہیں، تاہم اگر انہوں نے بھی جواب دینا شروع کردیا تو مذکورہ وزیر کے لیے لوگوں کے سامنے منہ دکھانا مشکل ہوجائے گا۔
نجی ٹی وی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایک وزیر ان دنوں ہر روز ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کررہے ہیں، لیکن وہ گزشتہ ڈھائی سال سے ان کی باتیں تحمل کے ساتھ سنتے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس دن انہوں نے اس وزیر کے خلاف لب کشائی کی، اس روز ان کے لیے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کاروباری شخصیات پر ہونے والی تنقید پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جن تاجروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، وہ ملک کے معزز شہری ہیں اور وفاقی و مختلف شہروں کے ایوانِ صنعت و تجارت کے سربراہان اور عہدیداران کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
محسن نقوی کے مطابق مذکورہ کاروباری شخصیات ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شمار ہوتی ہیں، ایسے میں اگر انہیں اتنا برا سمجھا جاتا ہے تو پھر ہر انتخاب کے موقع پر انہی افراد سے جماعتی مالی معاونت کے نام پر اربوں روپے کیوں حاصل کیے جاتے ہیں؟
بشکریہ روزنامہ جسارت