اتوار، 22 نومبر، 2026 · 13 جمادی الثانی، 1448 ہجری

یوٹیوب میں ایک بہترین نئے فیچر کا اضافہ

قومی خبریں
یوٹیوب میں ایک بہترین نئے فیچر کا اضافہ

گوگل کی زیر انتظام دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن یوٹیوب نے ٹیلی ویژن پر ویڈیوز دیکھنے کے انداز سے متعلق شمار کا طریقہ تبدیل کردیا ہے، جس کے تحت ایک ہی اسکرین پر بیک وقت ویڈیو دیکھنے والے متعدد افراد کو الگ الگ شمار کیا جائے گا۔ اس تبدیلی سے ان ویڈیو تخلیق کاروں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جن کی ویڈیوز گھرانوں میں اجتماعی طور پر دیکھی جاتی ہیں۔

ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے اس مقصد کے لیے ’’کو ویوز‘‘ نامی نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے ٹیلی ویژن پر ایک ویڈیو دیکھنے والے افراد کی تعداد کا اندازہ لگا کر مجموعی مشاہدات میں ان کا الگ الگ شمار کیا جائے گا۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اگر کسی گھر میں ایک اسمارٹ ٹی وی پر 2 یا 3 افراد مل کر کوئی ویڈیو دیکھ رہے ہوں تو اسے صرف ایک مشاہدہ شمار کرنے کے بجائے دیکھنے والے افراد کی تعداد کے مطابق 2 یا 3 مشاہدات میں شامل کیا جائے گا۔ اس طرح ٹیلی ویژن پر ویڈیوز دیکھنے والے حقیقی ناظرین کی تعداد کا زیادہ بہتر اندازہ لگایا جاسکے گا۔

نئے طریقہ کار کے تحت طویل دورانیے کی ویڈیوز، مختصر ویڈیوز اور براہِ راست نشریات، تینوں کے مشاہدات شمار کرنے کا انداز تبدیل ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کمرے میں موجود افراد کی تعداد کا اندازہ لگانے کے لیے ایک شماریاتی ماڈل استعمال کیا جائے گا، جو ویڈیو دیکھنے کے دورانیے اور دیگر دستیاب معلومات کی بنیاد پر ناظرین کی تعداد کا تخمینہ لگائے گا۔

یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ اس مقصد کے لیے ٹیلی ویژن کے کیمرے یا مائیکرو فون استعمال نہیں کیے جائیں گے، بلکہ دستیاب اعداد و شمار کی مدد سے ناظرین کی تعداد کا اندازہ لگایا جائے گا۔

یہ ویڈیو مشاہدات شمار کرنے کے نظام میں یوٹیوب کی دوسری بڑی تبدیلی ہے۔ اس سے قبل اگست 2026 میں کمپنی نے ویڈیوز کے مشاہدات شمار کرنے کا طریقہ تبدیل کیا تھا، جس کے تحت کسی بھی ویڈیو کو چلانے کے ساتھ ہی اس کا مشاہدہ شمار ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ طویل دورانیے کی ویڈیوز کے لیے یہ طریقہ متعارف کرانے سے پہلے مختصر ویڈیوز میں بھی تقریباً 1 سال قبل اسی نوعیت کی تبدیلی کی گئی تھی۔

ٹیلی ویژن پر ویڈیوز کے مشاہدات شمار کرنے کے نئے نظام کا اطلاق 16 نومبر سے ہوچکا ہے، تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس تبدیلی سے ویڈیو تخلیق کاروں کی اضافی آمدنی یا آمدنی حاصل کرنے کی اہلیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت