14 سالہ طالبہ نے جان خطرے میں ڈال کر آگ سے متاثرہ گھر میں پھنسے 2 کمسن بچوں کو بچالیا

بیجنگ: چین میں 14 سالہ طالبہ نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر آتشزدگی سے متاثرہ گھر میں پھنسے 2 کمسن بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا، جس پر اس کی بہادری کو سراہا جا رہا ہے۔
چینی صوبے ہونان کی فینگ ہوانگ کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ لانگ شائی اسکول سے بیماری کے باعث چھٹی لے کر گھر واپس جا رہی تھی کہ راستے میں ایک گھر سے سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا۔ ابتدا میں اس نے دھویں پر توجہ نہیں دی، کچھ دیر بعد گھر کے اندر سے بچوں کے رونے کی آوازیں سنائی دیں۔
طالبہ نے دیکھا کہ دھواں مسلسل بڑھ رہا ہے اور گھر کے اندر شعلے بھی بلند ہونے لگے ہیں۔ صورت حال کی سنگینی کا اندازہ ہوتے ہی وہ فوری طور پر بچوں کو بچانے کے لیے گھر کے اندر داخل ہوگئی۔
لانگ شائی کے مطابق آگ بستر تک پہنچ چکی تھی اور وہاں موجود کپڑے جل رہے تھے۔ گھر کے ایک کونے میں 4 سالہ بچی موجود تھی جبکہ اس کا 2 سالہ بھائی بستر پر بیٹھا ہوا تھا۔ گھر میں کوئی بڑا موجود نہیں تھا اور دونوں بچے خوفزدہ ہوکر زور زور سے رو رہے تھے۔
طالبہ نے کسی ہچکچاہٹ کے بغیر 2 سالہ بچے کو اٹھایا اور 4 سالہ بچی کا ہاتھ پکڑ کر دونوں کو گھر سے بحفاظت باہر نکال لیا۔ چند منٹوں میں اس نے بچوں کو آگ کی لپیٹ میں آنے سے بچا لیا۔بچوں کو باہر نکالنے کے بعد لانگ شائی نے اپنی والدہ کو پیغام بھیجا کہ ’’ماں، میں نے 2 بچوں کو بچایا ہے‘‘ اس نے گھر کے باہر بنائی گئی ایک ویڈیو بھی اپنے اہل خانہ کو بھیجی۔
لانگ شائی کی والدہ نے بیٹی کے اس اقدام پر خوشی کے ساتھ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نصیحت کی کہ کسی کی جان بچانے سے پہلے اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے، ویڈیو دیکھ کر ان کا جسم کانپنے لگا تھا کیونکہ آگ انتہائی شدید تھی۔
طالبہ نے بتایا کہ بچوں کو بچانے کے بعد اسے بخار کے باعث سر درد محسوس ہونے لگا۔ بچوں کے اہل خانہ نے اس کی بہادری پر شکریے کے طور پر ایک سرخ بینر بھی پیش کیا، جس پر اس کے کارنامے کو سراہا گیا تھا۔
بچوں کے والد نے بتایا کہ وہ کام پر موجود تھے جب انہیں فون کے ذریعے واقعے کی اطلاع ملی۔ نومبر 2026 میں لانگ شائی کے خاندان نے اس کی بہادری پر مقامی اعزاز کے لیے درخواست بھی جمع کرائی، وہ مستقبل میں فوج میں شامل ہوکر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت