اتوار، 22 نومبر، 2026 · 13 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ریفرنڈم آئینی طریقہ کار کا متبادل نہیں، وزراء کا طرزِ عمل پارلیمان کی خودمختاری کے خلاف ہے، رضا ربانی

قومی خبریں
ریفرنڈم آئینی طریقہ کار کا متبادل نہیں، وزراء کا طرزِ عمل پارلیمان کی خودمختاری کے خلاف ہے، رضا ربانی

اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے صوبوں کی حدود میں تبدیلی اور ریفرنڈم سے متعلق وزراء کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریفرنڈم آئین کے آرٹیکل 239(4) میں صوبائی حدود کی تبدیلی کے لیے طے شدہ طریقہ کار کا متبادل نہیں ہوسکتا۔

میاں رضا ربانی نے ریفرنڈم کے معاملے پر وزراء کے ایک مخصوص گروپ کے طرزِ عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کو صوبائی حدود میں تبدیلی کے آئینی طریقہ کار کے متبادل کے طور پر پیش کرنا درست نہیں، ریفرنڈم کے نتائج حق میں آنے کی صورت میں انہیں عدالتی توثیق کے لیے پیش کیا جائے گا۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ایسا اقدام پارلیمان کی خودمختاری کو مجروح کرنے اور صوبائی اسمبلی کے آئینی اختیارات پر قدغن لگانے کے مترادف ہوگا۔ آئینی معاملات میں پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے اختیارات کو نظرانداز کرکے کسی دوسرے طریقہ کار کے ذریعے فیصلے مسلط کرنا آئینی اصولوں کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی عدالت آئین میں ایسی تشریح شامل نہیں کرسکتی جو پہلے سے آئین میں موجود نہ ہو، اور نہ ہی عدالت کو آئین ازسرنو تحریر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ اگر ایسا کیا جاتا ہے تو یہ آئینی طریقہ کار اور صوبائی اسمبلی کے آئینی حق کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا۔

میاں رضا ربانی نے مزید کہا کہ اس نوعیت کا اقدام آئین پاکستان کے بنیادی اصولوں میں تبدیلی کے مترادف ہوگا، جس سے ملک کے آئینی نظام اور پارلیمانی بالادستی پر سنجیدہ سوالات پیدا ہوں گے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستان کا موجودہ آئینی و سیاسی نظام اس نوعیت کی انحرافی کارروائی کا متحمل ہوسکتا ہے آئینی حدود، پارلیمان کی خودمختاری اور صوبائی اسمبلیوں کے اختیارات کا تحفظ ضروری ہے، بصورت دیگر ملک میں آئینی بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت