اتوار، 22 نومبر، 2026 · 13 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شدید دھند اور اسموگ کے باعث متعدد موٹرویز بند، لاہور فضائی آلودگی میں پہلے نمبر پر

قومی خبریں
شدید دھند اور اسموگ کے باعث متعدد موٹرویز بند، لاہور فضائی آلودگی میں پہلے نمبر پر

لاہور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید دھند اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کے باعث موٹرویز کے مختلف حصے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے، جبکہ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔

شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پر پشاور مین ٹول پلازہ سے رشکئی تک ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اسی طرح موٹروے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک، ایم تھری لاہور سے جڑانوالہ تک، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کو بھی شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔

موٹرویز کی بندش سے مختلف شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافر متاثر ہوئے ہیں جبکہ حدِ نگاہ میں کمی کے باعث حادثات سے بچنے کے لیے ٹریفک کی روانی روک دی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی صورت حال بھی انتہائی تشویش ناک ہوگئی ہے اور شہر عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کے ذرات کی سطح 489 ریکارڈ کی گئی جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 245 ذرات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورت حال انتہائی خراب ریکارڈ کی گئی، گوجرانوالہ میں آلودگی کے ذرات کی سطح 556، بہاولپور میں 463، سرگودھا میں 382 اور ملتان میں 255 ریکارڈ کی گئی۔

شدید دھند اور اسموگ کے باعث شہریوں کو سفری مشکلات کے ساتھ صحت کے خطرات کا بھی سامنا ہے جبکہ فضائی آلودگی میں اضافے سے سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور دیگر طبی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت