اتوار، 22 نومبر، 2026 · 13 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی تجویز کی بھی حمایت کریں گے، مصطفیٰ کمال

قومی خبریں
کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی تجویز کی بھی حمایت کریں گے، مصطفیٰ کمال

کراچی: وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، اگر کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی بات کی گئی تو اس کی بھی بھرپور حمایت کریں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ہماری نسلوں کی بقا اور مستقبل کا معاملہ ہے، اس لیے اس تحریک سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا،نئے صوبے ہماری لائف لائن ہیں اور اس معاملے پر اب مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیربرائے صحت کا کہنا تھا کہ دسمبر انتہائی اہم مہینہ ہے اور نئے صوبوں کے حوالے سے جو بھی پیش رفت ہونی ہے، وہ اگلے بجٹ سے پہلے ہونی چاہیے، اگر صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو سرکاری سطح پر نہ ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی اسے روک چکا ہوتا، اب یہ معاملہ محض کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کا ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بغیر کسی شرط کے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرے کیونکہ یہ ریاست کے ساتھ اپنے معاملات بہتر بنانے کا بہترین موقع ہے، ملک کو درپیش حالات میں سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں اور نئے صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف چاہیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر ریفرنڈم کی منظوری بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھدار سیاست دان ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر کام کرنے کا ایک مناسب وقت ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے فیصلہ کرنے میں مزید تاخیر ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں ہوگی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت