گوگل ہوم پیج کی ظاہری شکل کئی سال بعد تبدیل کرنے کی تیاری
گوگل اپنے سرچ انجن کے مرکزی صفحے کا انٹرفیس تبدیل کرنے جارہا ہے، جس کے تحت روایتی سرچ بٹن کو ہٹا کر مصنوعی ذہانت پر مبنی نئے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے، تاکہ صارفین کو کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے نظام تک رسائی زیادہ آسانی سے حاصل ہوسکے۔
کمپنی کی جانب سے ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے گوگل ہوم پیج میں نئی تبدیلیاں کی جارہی ہیں، جن میں مختلف سہولیات کے لیے اضافی بٹن شامل کیے جائیں گے۔ ان نئے اختیارات کی مدد سے صارفین تصاویر بنانے، فائلیں اپ لوڈ کرنے اور مختلف موضوعات پر خیالات جمع کرنے جیسے کام براہ راست سرچ صفحے سے کرسکیں گے۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام کے ذریعے نئے ہوم پیج کی جھلک پیش کی، جس کے مطابق یہ تبدیلی دنیا بھر میں متعارف کرائی جارہی ہے۔
نئے انٹرفیس میں روایتی گوگل سرچ بٹن کی جگہ 3 نئے اختیارات شامل ہوں گے۔ ان میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے تصاویر تیار کرنے کے لیے نینو بنانا، فائلیں اپ لوڈ کرنے اور مختلف موضوعات پر خیالات و تجاویز حاصل کرنے کے لیے برین اسٹورم کا بٹن شامل ہوگا۔
اس کے علاوہ گوگل کا ’’آئی ایم فیلنگ لکی‘‘ بٹن بھی نئے ہوم پیج پر موجود رہے گا، حالانکہ کمپنی پہلے اسے ختم کرنے پر غور کررہی تھی۔
گوگل کے سرچ انجن کے مرکزی صفحے میں تبدیلی کو اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ کمپنی اپنے ہوم پیج کے ڈیزائن میں بہت کم تبدیلیاں کرتی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد صارفین کو مصنوعی ذہانت سے متعلق سہولیات کی جانب راغب کرنا اور جیمنائی کے مختلف فیچرز تک رسائی آسان بنانا ہے۔
نئے انٹرفیس میں ایک سائیڈ بار بھی شامل کی جائے گی، جس کے ذریعے صارفین اپنی حالیہ مصنوعی ذہانت سے متعلق تلاش اور سوالات تک دوبارہ رسائی حاصل کرسکیں گے۔
تاہم نئے ڈیزائن کے باوجود گوگل کی بنیادی سرچ سہولت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ صارفین سرچ باکس میں مطلوبہ الفاظ لکھ کر انٹر کا بٹن دبائیں گے تو انہیں معمول کے مطابق تلاش کے نتائج دستیاب ہوں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت