حکمران طبقہ ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے، سب کو مل کر اس طبقے سے جان چھڑانا ہوگی: حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک پر 80 سال سے قابض حکمران طبقے سے نجات حاصل کرنے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، کیونکہ یہی طبقہ مختلف نظاموں کے باوجود اقتدار اور وسائل پر قابض ہے، جبکہ عوام کو باہم تقسیم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں نام نہاد جمہوریت ہو یا آمریت، دونوں صورتوں میں حکمران طبقے کے چہرے اور کردار تبدیل نہیں ہوتے۔ یہی لوگ مختلف شعبوں میں اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور عوام کو تقسیم کرکے اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس طبقے سے نجات کے لیے سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آٹا، چینی اور تیل صاف کرنے کے کارخانوں سمیت مختلف شعبوں میں اجارہ داری قائم کرنے والے عناصر بھی یہی ہیں۔ اگر موجودہ نظام کو ناکام قرار دیا جارہا ہے تو یہ سوال بھی اٹھنا چاہیے کہ آخر اس نظام کی باگ ڈور کن لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی بڑی تعداد حکمرانوں کی پالیسیوں سے مایوس ہوچکی ہے، لیکن اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو یہاں کے حالات اور عوام کو درپیش مشکلات کا درست اندازہ ہی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے لوگوں میں احساس محرومی اور مایوسی بڑھ رہی ہے۔ جماعت اسلامی کی کوشش ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق دلائے جائیں اور ان کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کررہی ہے اور اس جدوجہد میں پورے پنجاب کے عوام بھی بلوچ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں آباد لوگ ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر بلوچستان کے قدرتی وسائل اور خزانوں کا ذکر کیا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس صوبے کے اصل خزانے یہاں کے لوگ ہیں۔ پاکستان کے اس قیمتی انسانی سرمائے کو بنیادی حقوق اور سہولیات سے محروم رکھنا کسی صورت درست نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر ایک تاریخی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس میں پنجاب کے عوام بلوچستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں کو مایوسی ترک کرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو گزشتہ 80 سال سے قابض طبقے کے اثر و رسوخ سے آزاد کرانے کے لیے پوری قوم کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت