دوسری جنگ عظیم میں فوج کا حصہ بننے والا حیرت انگیز ریچھ

عام طور پر ریچھ کو ایک خطرناک جنگلی جانور سمجھا جاتا ہے، جس سے انسان فاصلہ رکھنا ہی بہتر تصور کرتے ہیں، لیکن دوسری جنگ عظیم کے دوران ایک ایسا ریچھ بھی گزرا ہے جس نے نہ صرف فوجیوں کے ساتھ وقت گزارا بلکہ باقاعدہ فوج میں سپاہی کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اسے فوجی شناختی نمبر، عہدہ اور تنخواہ بھی دی جاتی تھی۔
ووجٹیک نامی یہ بھورا ریچھ شام سے تعلق رکھتا تھا اور دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ کی فوج کا حصہ بن گیا تھا۔ اسے سگریٹ پینے، شراب نوشی اور باکسنگ کا شوق تھا، جبکہ فوجی دستے کے اہلکاروں کے ساتھ اس کی دوستی بھی غیر معمولی تھی۔
اس انوکھے ریچھ کی کہانی 1943 میں اس وقت شروع ہوئی جب پولینڈ کے فوجیوں نے ایران کے ایک علاقے میں ایک چرواہے کو دیکھا، جو ریچھ کے ایک بچے کو بوری میں ڈال کر لے جارہا تھا۔ معلوم ہوا کہ شکاریوں نے اس کی ماں کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا، جس کے بعد یہ بچہ تنہا رہ گیا تھا۔ فوجیوں نے چرواہے کو چند اشیا دے کر ریچھ کے بچے کو اپنے ساتھ لے لیا۔
ابتدائی دنوں میں فوجی اس ننھے ریچھ کی دیکھ بھال بچوں کی طرح کرتے تھے۔ اسے دودھ پلایا جاتا اور بعد میں اس کی خوراک میں شہد، پھل اور دیگر غذائیں بھی شامل کردی گئیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ فوجی دستے کے ماحول میں گھل مل گیا اور اہلکاروں کے ساتھ اس کی قربت بڑھتی چلی گئی۔
فوجیوں نے اس کا نام ووجٹیک رکھا، جس کا پولش زبان میں مطلب ’’خوش مزاج جنگجو‘‘ ہے۔ اس کی دیکھ بھال کے لیے ایک فوجی کو باقاعدہ ذمہ داری سونپی گئی، جس نے اسے فوجی طرز کی سرگرمیوں کی تربیت بھی دی۔ ووجٹیک مارچ کرنے اور سلام کرنے کی نقل اتارنے لگا، جبکہ فوجیوں کے ساتھ دوڑ لگانا، کشتی کرنا اور باکسنگ کرنا بھی اس کے معمولات میں شامل ہوگیا۔
دستے کے اہلکار اس ریچھ سے غیر معمولی لگاؤ رکھتے تھے اور اس کی حفاظت کا خاص خیال رکھتے تھے۔ دوسری جانب ووجٹیک بھی اپنی شرارتی اور دلچسپ حرکتوں کے باعث فوجیوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا تھا۔ اس کی موجودگی نے سخت فوجی ماحول میں تفریح اور خوشی کے کئی مواقع پیدا کیے۔
1944 میں جب پولینڈ کا یہ فوجی دستہ اتحادی افواج کے ساتھ جنگی کارروائیوں کے لیے اٹلی روانہ ہونے لگا تو ایک نیا مسئلہ سامنے آگیا۔ فوجی قوانین کے تحت پالتو جانوروں کو دستے کے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔ فوجیوں نے اپنے ساتھی ریچھ کو چھوڑنے کے بجائے ایک غیر معمولی حل نکالا اور اسے باقاعدہ فوج میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس مقصد کے لیے ووجٹیک کو سپاہی کا عہدہ دیا گیا اور اس کے نام پر فوجی شناختی نمبر بھی جاری کردیا گیا۔ یوں وہ محض ایک پالتو جانور کے بجائے فوجی دستے کا باضابطہ رکن بن گیا۔ اس کے پاس فوجی شناخت، عہدہ اور تنخواہ کی پرچی تک موجود ہوتی تھی۔
ووجٹیک نے محض فوجی دستے کے ساتھ سفر ہی نہیں کیا بلکہ جنگی کارروائیوں میں بھی عملی طور پر حصہ لیا۔ مئی 1944 میں اس نے اٹلی میں فوجی اہلکاروں کی مدد کرتے ہوئے گولہ بارود اور توپوں کے گولے جنگی محاذ تک پہنچانے کا کام انجام دیا۔ اس کارکردگی کے باعث وہ فوجیوں میں مزید مقبول ہوگیا اور اس کی شہرت دستے سے باہر بھی پھیلنے لگی۔
دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد ووجٹیک کو ترقی دے کر کارپورل کا عہدہ دے دیا گیا۔ 1946 میں اسے اپنے فوجی دستے کے ہمراہ اسکاٹ لینڈ منتقل کردیا گیا، جہاں اسے ایک فوجی کی حیثیت سے بھرپور سہولیات میسر تھیں۔ وہاں اس کے لیے وافر خوراک کا انتظام کیا جاتا تھا اور کھیل کود کے لیے ذاتی سوئمنگ پول بھی موجود تھا۔
بعد ازاں جب پولینڈ کے فوجیوں کی وطن واپسی کا مرحلہ آیا تو ووجٹیک کے مستقبل کا سوال پیدا ہوگیا۔ فوجی اسے اپنے ساتھ پولینڈ لے جانے کے خواہش مند نہیں تھے، کیونکہ اس وقت وہاں کمیونسٹ حکومت قائم تھی۔ دوسری جانب جنگل میں چھوڑنا بھی مناسب نہیں سمجھا گیا، کیونکہ وہ بچپن سے انسانوں کے درمیان رہنے کا عادی ہوچکا تھا اور قدرتی ماحول میں دوبارہ زندگی گزارنا اس کے لیے مشکل ثابت ہوسکتا تھا۔
بالآخر 1947 میں اسے اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا کے چڑیا گھر منتقل کردیا گیا، جہاں اس نے اپنی زندگی کے باقی سال گزارے۔ ووجٹیک جلد ہی چڑیا گھر آنے والے افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا اور اس کی شہرت دور دور تک پھیل گئی۔ پولینڈ کی فوج کے سابق اہلکار بھی وقتاً فوقتاً اس سے ملاقات کے لیے آتے تھے۔
یہ غیر معمولی ریچھ 1963 تک ایڈنبرا کے چڑیا گھر میں رہا اور 21 سال کی عمر میں اس کی موت ہوگئی۔ تاہم اس کی دلچسپ زندگی اور جنگی خدمات کی یاد آج بھی برقرار ہے۔ پولینڈ، اسکاٹ لینڈ اور دنیا کے کئی دیگر مقامات پر اس کی یاد میں مجسمے نصب کیے گئے ہیں، جو ایک ایسے ریچھ کی داستان بیان کرتے ہیں جس نے دوسری جنگ عظیم کے دوران انسانوں کے ساتھ مل کر فوجی زندگی گزاری اور تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت