نئے صوبوں کے قیام سے متعلق فیصلہ نئے سال کے آغاز میں متوقع ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملہ زیادہ عرصے تک زیر التوا نہیں رہے گا اور نئے سال کے ابتدائی مہینوں میں اس حوالے سے کوئی قابل قبول حل سامنے آنے کی توقع ہے، اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت جاری ہے اور جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ مشترکہ طور پر کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پیش رفت کے لیے دیگر متعلقہ فریقوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے ریفرنڈم کا انعقاد بھی نئے سال کے آغاز میں ممکن ہے، تاہم فی الحال اس کے لیے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی جاسکتی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آئین میں ریفرنڈم کرانے کی گنجائش موجود ہے اور آئینی ترامیم کے لیے بھی باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر جو بھی دستاویز تیار کی جائے گی، وہ تمام متعلقہ فریقوں کی مشترکہ مشاورت سے مرتب ہوگی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے جاری کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور جلد ایسی صورت حال پیدا ہوجائے گی جسے تمام فریق قبول کرسکیں گے۔
18ویں آئینی ترمیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اگر اس ترمیم پر اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عمل درآمد کیا جاتا تو آج ملک میں نئے صوبوں کے قیام پر اس نوعیت کی بحث نہ ہورہی ہوتی۔ ان کا مؤقف تھا کہ 18ویں ترمیم کی اصل روح کو ختم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک کے تمام حصوں میں نئے صوبے قائم کیے جائیں، تاہم مستقبل میں ان کی تعداد کتنی ہوگی، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں۔ وزیر دفاع کے مطابق صوبوں کے قیام کا معاملہ باہمی اتفاق رائے سے آگے بڑھایا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت