ایران پہلے سے زیادہ شدید حملے کی تیاری کر رہا ہے: اسرائیل

اسرائیلی دفاعی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کی کسی ممکنہ مشترکہ فوجی کارروائی سے پہلے ہی اسرائیل پر حملہ کرسکتا ہے، جس کے باعث خطے میں ایک نئے فوجی تصادم کے امکانات پر غور کیا جارہا ہے۔
اسرائیلی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی اداروں میں اس امکان کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ تہران کسی ممکنہ جنگ کو ناگزیر سمجھتے ہوئے دفاعی حکمت عملی کے بجائے پیشگی حملے کا راستہ اختیار کرسکتا ہے، تاکہ اسرائیل کو اچانک کارروائی کے ذریعے نقصان پہنچایا جاسکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام کو خدشہ ہے کہ اگر ایرانی قیادت اس نتیجے پر پہنچ گئی کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ فوجی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے تو وہ حملے کا انتظار کرنے کے بجائے خود پہل کرسکتی ہے۔
اسرائیلی سیکیورٹی حلقوں کے مطابق ایران ماضی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران 2 مرتبہ غیر متوقع صورت حال سے دوچار ہوچکا ہے، جس کے بعد تہران مستقبل میں کسی ممکنہ حملے سے پہلے اپنی کارروائی کرنے کے آپشن پر غور کرسکتا ہے۔
دوسری جانب ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کے تناظر میں امریکا اور اسرائیل کے درمیان رابطوں اور مشترکہ منصوبہ بندی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک خطے میں ممکنہ فوجی کشیدگی سے نمٹنے کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔
تاہم ایران کی جانب سے اسرائیل پر کسی نئے حملے کی فوری تیاری یا منصوبے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ امریکا نے بھی تہران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکا و اسرائیل کی ممکنہ مشترکہ کارروائیوں کے خدشات کے باعث اسرائیلی دفاعی ادارے مختلف ممکنہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم کسی بھی نئی فوجی پیش رفت کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں صورت حال مزید سنگین ہونے کا خطرہ برقرار ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت