اتوار، 22 نومبر، 2026 · 13 جمادی الثانی، 1448 ہجری

میناب اسکول پر حملے اور آیت اللہ خامنہ ای کے قتل پر ایران نے امریکی اور یورپی عدالتوں میں مقدمات دائر کر دیے

قومی خبریں
میناب اسکول پر حملے اور آیت اللہ خامنہ ای کے قتل پر ایران نے امریکی اور یورپی عدالتوں میں مقدمات دائر کر دیے

ایران نے میناب میں اسکول پر امریکی حملے اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے واقعات پر امریکا سمیت متعدد یورپی ممالک کی عدالتوں سے رجوع کرلیا ہے، جہاں ان واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات دائر کیے گئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق نائب صدر برائے قانونی امور مجید انصاری نے بتایا کہ ایران نے ان عدالتوں میں قانونی کارروائی کا آغاز کیا ہے جنہوں نے متعلقہ مقدمات کی سماعت کا دائرہ اختیار تسلیم کیا ہے۔

مجید انصاری کا کہنا تھا کہ ان مقدمات میں دستاویزی شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جارہی ہے۔ بعض مقدمات باقاعدہ دائر کیے جاچکے ہیں، جبکہ دیگر کی رجسٹریشن اور ابتدائی قانونی مراحل مکمل کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ انسانی حقوق کے ماہرین نے میناب میں اسکول پر امریکی فضائی حملوں کو ممکنہ جنگی جرائم قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق 28 فروری کو اسکول پر 2 فضائی حملے کیے گئے تھے، جن کے نتیجے میں 120 بچوں سمیت 178 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ایران کی جانب سے ان واقعات پر امریکا اور یورپی ممالک کی عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کا اقدام متاثرین کے لیے انصاف کے حصول اور حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جارہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت