پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سواتی قوم کے خلاف نازیبا زبان قابلِ مذمت، نفرت نہیں احترام اور بھائی چارہ ہماری پہچان ہے، شفیق الرحمن سواتی

قومی خبریں
سواتی قوم کے خلاف نازیبا زبان قابلِ مذمت، نفرت نہیں احترام اور بھائی چارہ ہماری پہچان ہے، شفیق الرحمن سواتی

کراچی: صوبائی صدر سندھ سواتی قوم ویلفیئر ایسوسی ایشن رجسٹرڈ پاکستان شفیق الرحمن سواتی نے سوشل میڈیا پر سواتی قوم کے خلاف نازیبا، غیر مہذب اور اشتعال انگیز زبان کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قوم، برادری یا قبیلے کی تضحیک اور عزتِ نفس مجروح کرنا معاشرتی اقدار، باہمی احترام اور قومی و قبائلی ہم آہنگی کے منافی ہے، نفرت نہیں بلکہ احترام اور بھائی چارہ ہماری پہچان ہے۔

شفیق الرحمن سواتی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گجر گروپ کے نام سے منسوب فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے سواتی قوم کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کیے جانے پر شدید تشویش ہے۔ کسی ایک فرد یا اکاؤنٹ کی غیر ذمہ دارانہ حرکت کو پوری قوم یا برادری سے منسوب کرنا مناسب نہیں، گجر اور سواتی دونوں قابل احترام اقوام ہیں اور ان کے درمیان بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کی روایات برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے سردار محمد یوسف اور دیگر گجر رہنماؤں کی جانب سے واقعے کی مذمت، تحقیقات اور ذمہ داران کی نشاندہی کے لیے اختیار کیے گئے مؤقف کو خوش آئند قرار دیا اور سردار محمد یوسف سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر واضح ویڈیو پیغام جاری کرکے سواتی قوم کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے عناصر کی کھل کر مذمت کریں اور ایسے شرپسند عناصر سے اپنی اور اپنی جماعت کی لاتعلقی واضح کریں۔

شفیق الرحمن سواتی کا کہنا تھا کہ سردار محمد یوسف ایک عوامی نمائندے ہیں اور ان کی سیاسی و عوامی حیثیت کسی ایک برادری تک محدود نہیں۔ سواتی قوم کے افراد بھی انتخابی مواقع پر ان کی حمایت کرتے ہیں اور بعض اوقات اپنی برادری کے امیدواروں کے مقابلے میں ان کے حق میں کھڑے ہوتے ہیں، لہٰذا ان سے توقع ہے کہ وہ سواتی قوم کے جذبات، عزت اور وقار کا احترام کرتے ہوئے اس معاملے پر مضبوط، غیر مبہم اور منصفانہ مؤقف اختیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری صرف اپنے ووٹرز کی نمائندگی تک محدود نہیں بلکہ معاشرے میں امن، رواداری اور بین القبائلی و بین القومی ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی ان کے فرائض میں شامل ہے۔ سردار محمد یوسف کا واضح اور مثبت پیغام دونوں اقوام کے درمیان اعتماد اور بھائی چارے کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔

شفیق الرحمن سواتی نے سواتی قوم ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ و کراچی کی کابینہ کی جانب سے معاملے کو متعلقہ قانونی اداروں کے سامنے اٹھانے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے میں شکایت درج کرانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرکزی قیادت اور سواتی قوم ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔

انہوں نے سردار محمد یوسف سے ہونے والی بات چیت اور ان کے کوآرڈینیٹر ماسٹر منیر، صبور، چن زیب اور ظہیر کی وفد کے ہمراہ سواتی قوم ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ و کراچی کے عہدیداران سے ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ مشترکہ پریس بریفنگ میں دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نفرت اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی کسی مہذب معاشرے میں گنجائش نہیں اور ایسے افراد کی پشت پناہی نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر سواتی قوم ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبائی صدر سندھ شفیق الرحمن سواتی، سیکرٹری جنرل سندھ اعجاز کاغانی، نائب صدر سندھ سدھیر خان سواتی، صدر کراچی سٹی شاہد علی خان سواتی اور سیکرٹری جنرل کراچی افتخار احمد سواتی موجود تھے۔

سواتی قوم ویلفیئر ایسوسی ایشن نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے اصل ذمہ داران کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، شواہد سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی کرکے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ سوشل میڈیا صارفین سے بھی اپیل کی گئی کہ غیر مصدقہ اطلاعات، اشتعال انگیز تبصروں اور نفرت انگیز مواد کو پھیلانے سے گریز کریں اور اگر کسی کے پاس اکاؤنٹ کے ذمہ داران سے متعلق مستند معلومات ہوں تو متعلقہ اداروں تک پہنچائیں۔

تنظیم کی مرکزی قیادت نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ سواتی قوم اپنی عزت، وقار اور شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، کسی دوسری قوم کی تضحیک اور توہین کو بھی درست نہیں سمجھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تصادم کے بجائے مکالمہ، نفرت کے بجائے محبت اور انتشار کے بجائے اتحاد چاہتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت