پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

افغانستان میں 1 کروڑ 59 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار

قومی خبریں
افغانستان میں 1 کروڑ 59 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار

کابل: افغانستان میں غذائی بحران مزید سنگین ہوگیا، 1 کروڑ 59 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ 2027 میں 40 لاکھ سے زائد بچوں کو غذائی قلت کے باعث علاج کی ضرورت پڑنے کا خدشہ ہے۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے مختلف اداروں نے افغانستان میں غذائی قلت اور غذائیت کے بحران میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موسم سرما، عالمی امداد میں کمی اور طبی سہولتوں کی محدود دستیابی صورت حال کو مزید خراب کرسکتی ہے۔

یونیسیف کے مطابق ستمبر اور اکتوبر 2026 کے دوران افغانستان کی تقریباً 32 فیصد آبادی کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا رہا جبکہ اگست سے اکتوبر کے دوران بچوں میں غذائی قلت کے باعث جسمانی کمزوری اور وزن میں غیر معمولی کمی کی شرح اس مدت کے لیے اب تک کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

یونیسیف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم سرما کے دوران غذائی بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔ ادارے کے اندازوں کے مطابق جنوری سے دسمبر 2027 کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ تک کی عمر کے تقریباً 40 لاکھ 40 ہزار بچوں کو غذائی قلت کے باعث علاج کی ضرورت ہوگی، جو افغانستان میں بچوں کی صحت اور مستقبل کے حوالے سے ایک سنگین صورت حال کی نشاندہی کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی امداد میں کمی نے افغانستان میں انسانی بحران کو مزید شدت دے دی ہے، جہاں خواتین اور بچوں کو طبی سہولتوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مہاجرین کی بڑی تعداد میں واپسی سے پہلے ہی محدود وسائل پر دباؤ بڑھ گیا ہے جبکہ طبی مراکز کی بندش اور ادویات کی قلت نے صحت کے نظام کو مزید کمزور کردیا ہے۔

افغانستان میں خواتین طبی عملے کی کمی بھی ایک بڑا چیلنج بنتی جارہی ہے، جس کے باعث خواتین اور بچوں کو علاج کی سہولتوں تک رسائی میں مزید مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کے مطابق 2026 میں بارشوں کی بہتر صورت حال اور زرعی پیداوار میں اضافے کے باوجود افغانستان میں بڑی تعداد میں خاندان مناسب اور غذائیت سے بھرپور خوراک خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ بڑھتی مہنگائی، محدود آمدنی اور معاشی مشکلات نے عام شہریوں کی قوت خرید متاثر کردی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی امداد کے لیے مالی وسائل میں مسلسل کمی کے باعث بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے، جس سے افغانستان میں غذائی عدم تحفظ، بچوں کی غذائی قلت اور انسانی بحران مزید گہرا ہونے کا خدشہ ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت