پنجاب کے منصوبوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے تو برداشت کریں، حسد نہیں، مریم اورنگزیب
لاہور: پنجاب کی صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو عوام اور ان کے بچوں کی فکر ہے، وہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے دن رات کام کررہی ہیں، ایسی وزیراعلیٰ کو سپر سی ایم کہنا پڑے گا۔ مخالفین مریم نواز کے منصوبوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے تو انہیں برداشت کریں، حسد کرنے کے بجائے محنت کریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کی وزیراعلیٰ کو آپ کی اور آپ کے بچوں کی فکر ہے۔ مریم نواز کہتی ہیں کہ وہ آسمان سے تارے توڑ کر عوام کو لاکر دیں گی۔ ایسی وزیراعلیٰ کو سپر سی ایم کہنا پڑے گا۔ مخالفین سے یہی کہوں گی کہ حسد نہ کرو، محنت کرو، مقابلہ کرو یا برداشت کرو۔ بسوں پر بھی یہی پیغام لکھا ہوتا ہے، مریم نواز کے منصوبوں کا مقابلہ کریں اور اگر مقابلہ نہیں کرسکتے تو انہیں برداشت کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا سوشل میڈیا کا لگایا ہوا پودا آج تناور درخت بن چکا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کے کارکن بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ وہ یہاں ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے اپنی قائد مریم نواز کا استقبال کرنے آئی ہیں۔ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ مریم نواز اس صوبے کی وزیراعلیٰ ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کو عوام کی صحت، ادویات، گھروں، اسکولوں، اسپتالوں اور صفائی ستھرائی کی فکر ہے۔ مخالفین کی چیخ و پکار کی وجہ یہ ہے کہ وہ مریم نواز کا مقابلہ نہیں کرسکتے، 8 ہزار بچوں کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو تعلیم اور جدید سہولیات کے مواقع میسر آسکیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت