انڈونیشیا کی کینڈی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 3 افراد ہلاک، 4 زخمی، 39 لاپتا

جاوا: انڈونیشیا کے صوبے جاوا میں کینڈی بنانے والی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ فیکٹری میں کام کرنے والے 39 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ صوبے جاوا میں واقع کینڈی کی فیکٹری میں پیش آیا، جہاں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے فیکٹری کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث اندر موجود ملازمین پھنس گئے جبکہ متعدد افراد جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کی کوشش کرتے رہے۔
واقعے کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔ فیکٹری میں موجود دیگر ملازمین کے حوالے سے صورت حال اس وقت مزید تشویش ناک ہوگئی جب حکام کو 39 افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی گئی۔
حکام کے مطابق فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے اور فیکٹری کے اندر پھنسے افراد تک پہنچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ عمارت کے مختلف حصوں میں لاپتا افراد کی تلاش کررہی ہیں جبکہ آگ کی شدت اور عمارت میں پھیلے دھویں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔
آتشزدگی کے بعد جائے وقوع پر امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں، تاہم واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی تاکہ آتشزدگی کے محرکات اور فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔
فیکٹری میں 39 افراد کے لاپتا ہونے کے باعث حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ امدادی اداروں کی کوشش ہے کہ لاپتا افراد کو جلد از جلد تلاش کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت