پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بحرین پر ایرانی حملوں میں پاکستانی شہری سمیت 2 افراد زخمی، حالت تشویشناک

قومی خبریں
بحرین پر ایرانی حملوں میں پاکستانی شہری سمیت 2 افراد زخمی، حالت تشویشناک

منامہ: بحرین پر ایرانی حملوں کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری اور معذوری کا شکار بحرینی باشندہ زخمی ہوگیا، زخمی پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ بحرینی شہری کی حالت مستحکم ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بحرین کی وزارت داخلہ نے اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ہفتے کے روز ہونے والے ایرانی حملوں کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک پاکستانی شہری اور ایک بحرینی باشندہ شامل ہے جو معذوری کا شکار ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے جبکہ بحرینی شہری کی حالت خطرے سے باہر اور مستحکم ہے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

بحرینی حکام نے بتایا کہ اس سے قبل ایرانی حملے میں ایک شہری صنعتی تنصیب کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی اور املاک کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے متاثرہ مقام پر کارروائی کرتے ہوئے صورت حال کا جائزہ لیا۔

دوسری جانب بحرین کی دفاعی فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کی جانب آنے والے متعدد ایرانی فضائی حملوں کو روک لیا،فضائی دفاعی نظام کے ذریعے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

ادھر ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین کے علاقوں الرفاع اور عوالی میں واقع فوجی اڈوں پر امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے 2 ریڈارز کو میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ خطے میں جاری حملوں کے باعث شہریوں کی سلامتی اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت