پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مدینہ سے ملتان آنے والی پرواز میں 80 سالہ عمرہ زائر انتقال کرگئے، کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

قومی خبریں
مدینہ سے ملتان آنے والی پرواز میں 80 سالہ عمرہ زائر انتقال کرگئے، کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

کراچی: مدینہ منورہ سے ملتان آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں 80 سالہ مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، مسافر دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ایئرلائن کی پرواز پی ایف 763 مدینہ منورہ سے ملتان جارہی تھی کہ دوران پرواز پاکستان کی فضائی حدود میں آواران کے قریب 80 سالہ مسافر شیخ محمد عالم کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ مسافر کی حالت تشویش ناک ہونے پر طیارے میں موجود عملے نے فوری طور پر انہیں طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جبکہ پائلٹس نے صورت حال سے فضائی ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کردیا۔

مسافر کی حالت کے پیش نظر پائلٹس نے انسانی جان بچانے کی کوشش اور فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے پرواز کا رخ کراچی کی جانب موڑنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔

طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جہاز میں پہنچی اور مسافر کو طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ 80 سالہ شیخ محمد عالم دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہونے اور دوران پرواز انتقال کے واقعے کے باعث پرواز کو کراچی منتقل کرنا پڑا، جہاں طبی ٹیم نے مسافر کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

اطلاعات کے مطابق ملتان سے تعلق رکھنے والے شیخ محمد عالم حال ہی میں عمرے کی سعادت حاصل کرکے وطن واپس آرہے تھے۔ مدینہ منورہ سے روانہ ہونے والی پرواز کے دوران پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے مسافروں اور طیارے کے عملے کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا۔

مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر پائلٹس کی جانب سے فوری فیصلہ کرتے ہوئے پرواز کا رخ کراچی کی طرف موڑنا اور ہنگامی لینڈنگ کرنا فضائی سفر کے دوران مسافروں کی طبی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے،کراچی ایئرپورٹ پر طبی امداد کی فراہمی کے باوجود 80 سالہ مسافر کی زندگی نہ بچائی جاسکی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت