پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران اور حوثی حملوں کے خطرے کے پیش نظر امریکا کی شہریوں کو بحرین نہ جانے کی ہدایت

قومی خبریں
ایران اور حوثی حملوں کے خطرے کے پیش نظر امریکا کی شہریوں کو بحرین نہ جانے کی ہدایت

بحرین میں امریکی سفارت خانے نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران سمیت اس کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کی جانب سے ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر امریکی شہریوں کو سیکیورٹی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی سرکاری اہلکاروں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششوں کے ساتھ حوثیوں کی ممکنہ کارروائیوں کے باعث سیکیورٹی خطرات بڑھ گئے ہیں، جس کے پیش نظر بحرین میں مقیم امریکی شہریوں کو غیر معمولی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے باعث پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری سرگرمیوں میں اچانک رکاوٹیں پیدا ہوسکتی ہیں، لہٰذا شہری ان ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تیاری رکھیں۔

سیکیورٹی الرٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات اور اثاثوں کو نشانہ بنانے کے لیے حملے کرچکا ہے، جبکہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ سعودی عرب کے خلاف بھی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق حوثیوں کی جانب سے شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات میں جانی نقصان بھی ہوا، جبکہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں فضائی سفر اور دیگر سفری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

سفارت خانے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کسی بھی وقت مزید شدت اختیار کرسکتی ہے اور ایران، حوثی گروپ یا ان کے حمایت یافتہ دیگر عناصر بیرون ملک امریکی مفادات، کاروباری مراکز اور امریکی شہریوں سے وابستہ مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

امریکی حکام نے مشرق وسطیٰ کے سفر کرنے یا وہاں سے واپس آنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فضائی کمپنیوں اور ہوائی اڈوں سے پروازوں کی تازہ ترین معلومات حاصل کرتے رہیں اور سفر میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر متبادل انتظامات بھی تیار رکھیں۔

شہریوں کو مظاہروں، ہجوم اور امریکی مفادات سے وابستہ حساس مقامات سے دور رہنے، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے اور کسی ہنگامی صورت حال میں رابطے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا مرکزی اڈہ موجود ہے، جس کی وجہ سے یہ ملک خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت