ریفرنڈم کا معاملہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کا نہیں، سندھ اور پنجاب کا ہے، فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کا معاملہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کا نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب کا ہے، جن صوبوں میں اس حوالے سے مسئلہ موجود ہے وہاں آئین اور قانون کے مطابق جو راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے، وہ اختیار کیا جانا چاہیے،خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں، امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا سولر اور الیکٹرک بائیکس کی نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے صوبے کی سیاسی صورت حال، گورنر راج، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، سیاسی رہنماؤں کے باہمی تعلقات اور صوبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر اظہار خیال کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیے جا رہے ہیں اور حکومت کی پہلی ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو ہارنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، یہ جنگ جیتیں گے اور صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ان کی جماعت گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کا احترام کا رشتہ ہے،مولانا فضل الرحمان نے جب شہداء کے خلاف بات کی تو اس کا جواب دیا گیا، سیاسی اختلافات اپنی جگہ، وہ ہر سیاسی رہنما کی عزت کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا گھر ان کا اپنا گھر ہے اور اختلافات صرف ایشوز کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف کو مولانا فضل الرحمان کے لیے استعمال کیے گئے القابات پر معافی مانگنی چاہیے، تحریک انصاف نے صوبے میں جو سیاسی رویہ اختیار کیا، اس کے باعث خیبر پختونخوا کے حالات خراب ہوئے، وہ وفاق کے نمائندے اور آصف علی زرداری کے نامزد کردہ گورنر ہیں،زرداری انہیں گورنر شپ چھوڑنے کا کہیں گے تو وہ عہدہ چھوڑ دیں گے، وہ اپنے عہدے کو ذاتی حیثیت میں نہیں دیکھتے بلکہ وفاق کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
وفاقی وزراء کے بیانات سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انہیں بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیانات نہیں دینے چاہئیں۔ بلاول نے اپنا مؤقف بیان کیا ہے اور سیاسی معاملات کو اس حد تک کشیدہ نہیں ہونا چاہیے کہ مذاکرات کا راستہ ہی بند ہو جائے،سیاسی رہنماؤں کے درمیان اختلافات ہو سکتے ہیں، تاہم بات چیت اور مذاکرات کے امکانات برقرار رہنے چاہئیں۔
شوکت یوسفزئی سے متعلق سوال پر گورنر خیبر پختونخوا نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹی وی پر روتے ہوئے سب نے دیکھا ہے اور ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو چکا ہے، اسی لیے وہ ہر جگہ نظر آتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت