نارتھ کراچی میں گیس کی طویل بندش کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

کراچی: نارتھ کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل گیس بندش کے خلاف شہریوں کا صبر جواب دے گیا۔ جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مظاہرے میں خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور سندھ حکومت اور گیس کمپنی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر گیس کی بندش کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں گیس کی مسلسل عدم فراہمی نے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔ گھروں میں کھانا پکانے سمیت روزمرہ کے امور انجام دینا مشکل ہو گیا ہے، جبکہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث گھریلو نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں اور علاقے میں گیس کی فراہمی بحال کریں۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع شمالی شکیل احمد نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ناقص کارکردگی اور مسلسل گیس بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، اس صورتحال کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
شکیل احمد نے کہا کہ گیس کی فراہمی شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے، لیکن متعلقہ ادارے اس ضرورت کو پورا کرنے کے بجائے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی علاقے میں گیس کی فراہمی کا نظام بہتر بنائے اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ فوری ختم کرے۔
اس موقع پر ناظم جماعت اسلامی نارتھ کراچی اجمیر نگری عمیر احمد صدیقی نے کہا کہ گیس کی طویل بندش نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ عوام گھروں میں کھانا پکانے کے لیے بھی پریشان ہیں اور مجبوراً ایل پی جی استعمال کر رہے ہیں، جس کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، اگر گیس کی فراہمی فوری طور پر بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
نائب ناظم علاقہ اور وائس چیئرمین یونین کونسل 2 فیضان قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں گیس کی طویل بندش نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، شہری پہلے ہی پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں اور اب گیس کی عدم فراہمی نے گھریلو زندگی کو مزید دشوار بنا دیا ہے،حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث عوام مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے مسائل سے دوچار ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت