پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کا بیک وقت 2 مائع ایندھن والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھنے والا نیا لانچر متعارف

قومی خبریں
ایران کا بیک وقت 2 مائع ایندھن والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھنے والا نیا لانچر متعارف

تہران: ایران نے بیک وقت 2 مائع ایندھن والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھنے والا نیا میزائل لانچر متعارف کرا دیا ہے۔ ایرانی فوجی کمانڈرز نے اس پیش رفت کو ملک کی بڑھتی ہوئی عسکری صلاحیتوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے امریکا اور دیگر مخالف قوتوں کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کا جواب دیا جائے گا۔

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ہفتے کے روز پہلی مرتبہ ایسے میزائل لانچر کی رونمائی کی گئی جو بیک وقت 2 مائع ایندھن والے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر سرکاری ٹیلی وژن نے پاسداران انقلاب کے سربراہ احمد واحدی اور ایرانی فضائیہ کے کمانڈر مجید موسوی کے ایک زیر زمین میزائل اڈے کے دورے کی فوٹیج بھی نشر کی۔

نشر کی گئی ویڈیو میں دونوں فوجی کمانڈرز کو میزائلوں اور دیگر فوجی سازوسامان سے بھری طویل زیر زمین سرنگوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ان سرنگوں میں مختلف نوعیت کے میزائل اور فوجی آلات رکھے گئے تھے، جنہیں ایران کے زیر زمین عسکری ڈھانچے اور میزائل تنصیبات کا حصہ بتایا گیا ہے،سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے لانچر کی مکمل تکنیکی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

اس موقع پر پاسداران انقلاب کے سربراہ احمد واحدی نے کہا کہ دشمن کو پہنچنے والا نقصان محض آغاز ہے اور اسے آئندہ مزید ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی فضائیہ کے کمانڈر مجید موسوی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 2 تنازعات کے دوران ایران کی عسکری صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ایران کے جدید ہتھیار دشمن کو خوفزدہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ملک نے اپنے دفاعی نظام اور میزائل ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنایا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی ایک نئے زیر زمین میزائل اڈے کی رونمائی کی تھی،اس اڈے میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں سمیت مختلف نوعیت کا فوجی سازوسامان موجود ہے۔ زیر زمین میزائل تنصیبات کو ایران کی دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جاتا ہے، جہاں میزائلوں اور دیگر عسکری وسائل کو محفوظ رکھنے کے انتظامات کیے جاتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت