مصنوعی ذہانت سے روزگار کے بدلتے مواقع، بچوں کو مستقبل کے لیے کن صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے؟

مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر بچوں کی تعلیم کے روایتی طریقوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے، کیونکہ مستقبل میں صرف مخصوص تکنیکی مہارتیں روزگار اور کامیابی کی ضمانت نہیں بن سکیں گی۔ لندن کے گریشم کالج میں شعبہ کاروبار کے پروفیسر ڈینیئل سسکنڈ نے مشورہ دیا ہے کہ نئی نسل کو مصنوعی ذہانت کے دور کے لیے تیار کرنے کی خاطر بنیادی تعلیم، تنقیدی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے محتاط استعمال پر زیادہ توجہ دی جائے۔
ٹیکنالوجی کے متعدد ماہرین کا خیال ہے کہ اگلے 10 برسوں میں مصنوعی ذہانت معاشی اعتبار سے فائدہ مند تقریباً تمام شعبوں میں انسانی صلاحیتوں سے آگے نکل سکتی ہے۔ تاہم ڈینیئل سسکنڈ کے مطابق اس تبدیلی کی رفتار اور مستقبل کی غیر یقینی نوعیت کے باعث بچوں کو چند مخصوص ہنر سکھانے کے بجائے ایسی بنیادی صلاحیتیں فراہم کرنا ضروری ہے جو بدلتے ہوئے حالات میں بھی ان کے کام آسکیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کو اپنی نئی کتاب ’واٹ شوڈ مائی چلڈرن ڈو: اے ہیومنز گائیڈ ٹو دی ایج آف اے آئی‘ کے حوالے سے انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل کے بارے میں حتمی پیش گوئی کرنا ممکن نہیں، اس لیے بچوں کو ایسی مہارتیں سکھانے کا کوئی فائدہ نہیں جنہیں طویل عرصے تک ٹیکنالوجی سے محفوظ تصور کیا جاتا رہے۔
انہوں نے اس ضمن میں انگلینڈ کی تعلیمی پالیسی کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ 2013 میں ملک کے تمام پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں بچوں کو کمپیوٹر کوڈنگ سکھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے بعد کئی دوسرے ممالک نے بھی اسی طرز کی پالیسی اپنائی۔ تاہم جنوری 2023 میں چیٹ جی پی ٹی نے کوڈ لکھنے کی غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، جس سے واضح ہوگیا کہ بچوں کو سکھائی جانے والی بعض مخصوص تکنیکی مہارتیں ان کی تعلیم مکمل ہونے سے پہلے ہی اپنی افادیت کھو سکتی ہیں۔
پروفیسر سسکنڈ کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے زمانے میں سب سے بڑا مسئلہ مستقبل کی پیش گوئی کرنا نہیں بلکہ نئی نسل کو ایسے حالات کے لیے تیار کرنا ہے جن کی نوعیت اور تقاضوں کے بارے میں فی الحال زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ اس مقصد کے لیے بچوں میں مطالعے، تحریر، بنیادی حساب کتاب اور تنقیدی انداز میں سوچنے کی صلاحیت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
بنیادی تعلیم اور تنقیدی سوچ کیوں ضروری ہیں؟
ڈینیئل سسکنڈ نے اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کے تازہ ترین اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک میں نوجوانوں کی بنیادی تعلیمی صلاحیتوں میں کمی واقع ہورہی ہے، جو مستقبل کے حوالے سے تشویش ناک صورتحال ہے۔
ان کے مطابق پڑھنے، لکھنے اور حساب کتاب جیسی بنیادی صلاحیتیں ہی جدید تعلیم اور تکنیکی مہارتوں کی بنیاد بنتی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے نظام بھی ہر معاملے میں درست نتائج فراہم نہیں کرتے بلکہ بعض اوقات ایسی معلومات پیش کرتے ہیں جو حقیقت پر مبنی نہیں ہوتیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ طلبہ میں معلومات کی جانچ، غلطیوں کی نشاندہی اور ہر بات پر سوال اٹھانے کی صلاحیت پیدا کی جائے۔
انہوں نے معروف کمپیوٹر سائنسدان جیفری ہنٹن کے خیالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے پروگرام بعض مواقع پر غیر معمولی ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہیں، لیکن دوسری صورتوں میں انتہائی غیر منطقی نتائج بھی سامنے لاتے ہیں۔ ایسے میں صارفین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنے بنیادی علم کی مدد سے ان نظاموں کی فراہم کردہ معلومات کا تجزیہ اور تصدیق کرسکیں۔
تعلیمی اداروں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیسے سکھایا جائے؟
تعلیمی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کی شمولیت سے متعلق بات کرتے ہوئے پروفیسر سسکنڈ نے الیکٹرانک کیلکولیٹر کی آمد کی مثال پیش کی، جو 1970 کی دہائی کے اواخر اور 1980 کی دہائی کے اوائل میں تعلیم کا حصہ بننا شروع ہوئے تھے۔
انہوں نے برطانوی ماہر تعلیم ولفریڈ ہیلیڈے کاک کرافٹ کے پیش کردہ تعلیمی اصول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاضی کی تعلیم میں طلبہ کو کیلکولیٹر کے استعمال کے ساتھ اور اس کے بغیر بھی حساب کتاب کرنے کی تربیت دی جاتی ہے، تاکہ ان کی بنیادی صلاحیتیں متاثر نہ ہوں۔
ان کے مطابق یہی طریقہ اب مصنوعی ذہانت کے حوالے سے بھی اپنانا چاہیے۔ انگریزی، تاریخ، موسیقی، فنون لطیفہ اور ریاضی سمیت تمام مضامین میں طلبہ کو یہ سکھانے کی ضرورت ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت سے کس طرح مؤثر مدد حاصل کرسکتے ہیں، تاہم انہیں اس ٹیکنالوجی کے بغیر بھی اپنے تعلیمی کام انجام دینے کے قابل ہونا چاہیے۔
مصنوعی ذہانت کے استعمال سے توجہ متاثر ہونے کا خدشہ
ڈینیئل سسکنڈ نے خبردار کیا کہ ماضی میں متعارف ہونے والی دیگر ٹیکنالوجیز کی طرح مصنوعی ذہانت کے استعمال کے بھی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، جن میں سب سے اہم انسانی توجہ کا منتشر ہونا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں سے لے کر جامعات اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں تک تعلیم کا تقریباً ایک تہائی حصہ اس بات کے لیے مختص ہونا چاہیے کہ طلبہ کو ٹیکنالوجی کے درست اور تنقیدی استعمال کی تربیت دی جائے۔ اس کے ساتھ انہیں یہ بھی سکھایا جائے کہ غیر ضروری استعمال سے کس طرح بچنا ہے اور اپنی توجہ کو ٹیکنالوجی کے منفی اثرات سے کیسے محفوظ رکھنا ہے۔
انہوں نے تعلیم کو صرف زندگی کے ابتدائی برسوں تک محدود رکھنے کے تصور سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں خود کو حالات کے مطابق ڈھالنا سب سے اہم صلاحیت ہوگی۔ بالغ افراد کو بھی زندگی کے بعد کے مراحل میں نئی مہارتیں سیکھنے اور اپنی پیشہ ورانہ تربیت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
مصنوعی ذہانت تعلیم کے مواقع بھی بڑھا سکتی ہے
پروفیسر سسکنڈ نے مصنوعی ذہانت کے مثبت پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی تحقیق سے انفرادی استاد کی جانب سے طالب علم کو دی جانے والی خصوصی تدریس کی افادیت ثابت ہوچکی ہے، تاہم یہ سہولت مہنگی ہونے کے باعث عام افراد کی پہنچ سے باہر رہتی ہے۔
ان کے مطابق مصنوعی ذہانت اس مسئلے کا مؤثر حل فراہم کرسکتی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے نسبتاً کم خرچ پر ہر طالب علم کی تعلیمی ضروریات اور سیکھنے کی رفتار کے مطابق انفرادی رہنمائی ممکن ہوسکتی ہے۔ اس طرح جدید ٹیکنالوجی تعلیم کے مواقع کو وسیع کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
مستقبل میں کون سے شعبے انسانی اہمیت برقرار رکھیں گے؟
مستقبل میں روزگار کے مواقع کے حوالے سے ڈینیئل سسکنڈ نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی مخصوص پیشے کو اپنا ہدف بنانے کے بجائے ان مسائل کی نشاندہی کریں جنہیں وہ حل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے نزدیک انصاف تک رسائی بہتر بنانا، صحت کی سہولتوں میں بہتری لانا اور لوگوں کو طویل و صحت مند زندگی گزارنے میں مدد دینا ایسے مقاصد ہیں جنہیں سامنے رکھ کر پیشہ ورانہ مستقبل کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں ان شعبوں کی اہمیت برقرار رہنے کا امکان ہے جہاں کسی کام کا صرف نتیجہ ہی نہیں بلکہ اسے انجام دینے کا انسانی پہلو بھی بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ فنون لطیفہ، صحت کی دیکھ بھال، تدریس اور سماجی بہبود ایسے شعبے ہیں جہاں انسانی موجودگی، ہمدردی اور باہمی تعلق کو مشینوں کے ذریعے مکمل طور پر تبدیل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
پروفیسر سسکنڈ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باوجود انسانی صلاحیتوں کی اہمیت ختم نہیں ہوگی، تاہم نئی نسل کو مستقبل میں کامیاب ہونے کے لیے بنیادی علم، سیکھنے کا مسلسل جذبہ اور ٹیکنالوجی کو سمجھداری سے استعمال کرنے کی تربیت دینا ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت