بھارت سے مذاکرات کی بحالی نئی دہلی کے طرز عمل پر منحصر ہے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے امکانات کا انحصار نئی دہلی کے رویے پر ہے جبکہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی اقدام کو تسلیم نہیں کرتا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو اپنی مرضی سے یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔ پاکستان خطے میں مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو ترجیح دیتا ہے، تاہم بھارت کے ساتھ بات چیت کا دوبارہ آغاز اس کے طرز عمل سے مشروط ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا واحد قابل عمل حل مذاکرات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ شروع ہوتے ہی ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے انہیں تحمل اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کا مشورہ دیا تھا۔
اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ایک نئے سلامتی کے ڈھانچے کی تشکیل بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے عالمی سیاست میں مختلف طاقتوں کے بلاکس میں تقسیم ہونے کے رجحان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گروہ بندی سے مسائل حل نہیں ہوتے، اس لیے پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں توازن برقرار رکھتے ہوئے امریکا اور چین دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم نے علاقائی تعاون کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیے اور مصر پر مشتمل چار ملکی فورم کا آئندہ اجلاس اگلے ماہ جرمنی میں منعقد ہوگا۔ ان کے مطابق استنبول میں ہونے والے اجلاس میں یورپی ممالک کی شرکت کے بعد اس فورم کی وسعت بڑھ گئی ہے اور اسے اب ’ای فور‘ کی شکل دی جاچکی ہے۔
پاکستان اور یورپی ممالک کے تجارتی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس تجارتی سہولت کا سلسلہ برقرار رہے، جس کے لیے یورپی ممالک کی حمایت اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی فورس قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور ملک میں سرمایہ کاری کے امکانات بہتر بنانا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت