ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کو نقصان پہنچانے کی دشمن کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے: ایرانی صدر

قومی خبریں
ایران کو نقصان پہنچانے کی دشمن کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مخالفین ایران کو جھکانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے اور ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی جبکہ ایرانی عوام اور مسلح افواج نے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

تہران میں کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو مختلف مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم قوم اپنے مضبوط عزم اور حوصلے کے ذریعے ان حالات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن یہ تصور کررہا تھا کہ ایران کو دباؤ کے ذریعے جھکایا جاسکتا ہے، لیکن ایسا ممکن نہیں ہوگا اور مخالفین کو اپنے اس خواب سے دستبردار ہونا پڑے گا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر نے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کیں، تاہم ایرانی عوام اور مسلح افواج نے ان کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔

مسعود پزشکیان نے ایران کے خلاف جنگ کے عالمی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع نے دنیا کے تمام براعظموں کو دباؤ میں ڈال دیا ہے، جبکہ عالمی سطح پر مہنگائی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے معاشی مشکلات کے باوجود ایرانی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی جنگ کے دوران کاروباری طبقے نے مارکیٹ کو بہتر انداز میں سنبھالا اور اقتصادی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت