نئے صوبوں پر اتفاقِ رائے کے لیے بات چیت ضروری ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سیاستدانوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر بات کرنی چاہیے، جبکہ سندھ میں حالات خراب ہونے کے خدشات کو ذاتی ایجنڈے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام پر کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے۔ وزیراعظم اس معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے صدر مملکت اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی اتفاق نہ بھی کرے تو اس معاملے پر آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نکالا جا سکتا ہے۔ سیاسی مذاکرات کے دروازے بند کرنا ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں نئے صوبے تشکیل دیے جاتے رہے ہیں، اس لیے اس معاملے پر بھی بات چیت ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق خون خرابے سے متعلق بیانات سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ معاملے کو کس سمت لے جایا جا رہا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی بحث میں بعض سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ ملک میں جاری ہائبرڈ نظام میں حکومت کے علاوہ دیگر شراکت دار بھی موجود ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت