ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بلوچستان کے ضلع چاغی میں دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 3 نوجوان جاں بحق

قومی خبریں
بلوچستان کے ضلع چاغی میں دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 3 نوجوان جاں بحق

کوئٹہ: بلوچستا ن کے ضلع چاغی میں دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے تین نوجوان جاں بحق ہو گئے ۔

ذرائع کے مطابق واقعہ ضلع کے ہیڈ کوارٹر دالبندین سے جنوب مغرب میں واقع خرگوشکاں کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نوجوانوں کا ایک گروپ پکنک منانے جا رہا تھا۔7 نوجوان تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔خرگوشکاں کے علاقے میں پہنچنے پر تین نوجوانوں کو لے جانے والی موٹر سائیکل سڑک کے کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور موٹر سائیکل پر سوار تینوں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت سہیل بنگلزئی، عرفان بنگلزئی اور الطاف نوتیزئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن بلوچ نے تصدیق کی کہ تینوں نوجوانوں کی موت دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے باعث ہوئی۔

ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 16 سے 19 سال کے درمیان تھیں۔پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت