روس کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش

ماسکو: روس نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار ہے، جبکہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس اسلام آباد اور کابل کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے دونوں ممالک کی رضامندی ضروری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستان اور افغانستان دونوں کو دوست ممالک سمجھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے۔
روسی ترجمان نے افغانستان میں داعش خراسان سمیت بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔ اس معاملے میں دوہرے معیار یا پوشیدہ مقاصد کی کوئی گنجائش نہیں۔
ماریہ زخارووا کے مطابق پاکستان اور روس دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر دہشت گردی کے خلاف قریبی تعاون اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں ماسکو فارمیٹ، روس، چین، ایران اور پاکستان کے چار ملکی مشاورتی نظام اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت مختلف علاقائی فورمز اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں پائیدار استحکام کے لیے دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ سماجی و اقتصادی ترقی اور ریاستی اداروں کی سکیورٹی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماسکو خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات اور علاقائی مسائل کے سفارتی حل کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت