جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پیپلز پارٹی آئین کی من پسند تشریح بند کرے، نئے صوبوں کا مطالبہ غیر آئینی نہیں، رہنما ایم کیو ایم

قومی خبریں
پیپلز پارٹی آئین کی من پسند تشریح بند کرے، نئے صوبوں کا مطالبہ غیر آئینی نہیں، رہنما ایم کیو ایم

کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایم کیو ایم کے رہنما علی خورشیدی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی بات کرنا کوئی غیر آئینی عمل نہیں، پیپلز پارٹی اپنے سیاسی مفادات کے مطابق آئین اور جمہوریت کی تشریح کرتی ہے۔ جب کوئی اقدام اس کے مفاد میں ہو تو وہ آئینی اور جمہوری بن جاتا ہے لیکن عوام کو بااختیار بنانے کی بات کی جائے تو اسے اعتراضات ہونے لگتے ہیں۔

انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے بیان اور رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ غداری نہیں ہے اور اس پر خونریزی کی دھمکیاں دینا قابل مذمت ہے، عوام کو بااختیار بنانے اور انہیں بہتر انتظامی سہولیات فراہم کرنے کی بات ہو تو بڑی سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاسی دکانیں بند ہونے کا خوف لاحق ہوجاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ بڑی سیاسی جماعتیں عام پاکستانیوں کے حقوق کی بات کیوں نہیں کرتیں؟ نئے انتظامی نظام کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کا براہ راست فائدہ عوام کو ہوگا۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ بھر کے میئرز اور چیئرمینز کو کراچی بلا کر پریس کانفرنس کرانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا پیپلز پارٹی کے وزراء اور ترجمان کم پڑ گئے تھے کہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی بلانا پڑا؟ صوبائی وزراء اور ترجمان پہلے ہی اپنی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے پورے سندھ کا بیڑا غرق کردیا ہے،پیپلز پارٹی نے اپنے بلدیاتی نمائندوں کو ویک اینڈ منانے کے لیے کراچی آنے کی سہولت فراہم کردی ہے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بلدیاتی نمائندے بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور میں باتوں کے علاوہ کیا کام کیا ہے۔ دریاؤں کے پانی کو آلودہ کرنے والے آج عوامی حقوق کی بات کررہے ہیں۔ نئے انتظامی یونٹس کے مطالبے کو غداری سے کیسے تشبیہ دی جاسکتی ہے؟ پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہوتی ہے تو وہاں کسی کو خونریزی کی دھمکیاں نہیں دی جاتیں۔ لاہور اور فیصل آباد میں نئے صوبوں کے مطالبات پر اس طرح کا ردعمل سامنے نہیں آتا، اس لیے ایم کیو ایم پاکستان پیپلز پارٹی کے دھمکی آمیز رویے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے میئرز اور چیئرمینز کے مینڈیٹ پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ نمائندے اپنے مینڈیٹ کی حقیقت عوام کو بتائیں۔ کراچی کے میئر کس طرح منتخب ہوئے، یہ سب جانتے ہیں۔ میئر کراچی کے انتخاب کے وقت 30 سے 35 افراد اچانک ووٹ ڈالنے کہاں سے آگئے تھے؟ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے اوباڑو تک عوام پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، اسے اپنی ناکامیوں کے بہانے بنانے کے بجائے عوام کو جواب دینا چاہیے۔ پیپلز پارٹی 18 سال سے سندھ میں اقتدار میں ہے، اسے بتانا چاہیے کہ اس عرصے میں عوام کو کیا دیا گیا۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور میرپورخاص کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ حیدرآباد کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں جبکہ دریائے سندھ کے کنارے آباد سکھر کے لوگ بھی پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ بنیادی مسائل کے باعث ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اب بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے کو ہے لیکن وہ اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کوئی قابل ذکر کام پیش نہیں کرسکے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ اب صرف ایم کیو ایم تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ پورے ملک میں زیر بحث ہے۔ پنجاب اسمبلی نے 2012 میں نئے صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے بھی 2014 میں نئے صوبے کے قیام سے متعلق قرارداد منظور کی۔ ان مثالوں سے واضح ہے کہ نئے صوبوں کے قیام پر بات کرنا کوئی غیر آئینی عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو دھمکیوں کے بجائے دلائل کے ساتھ اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے عوام کو معاشی اور معاشرتی مشکلات سے دوچار کردیا ہے جبکہ پہلے سے پریشان شہریوں کو اب دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔ ہماری بات کسی کی ذات کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے حقوق اور بہتر انتظامی نظام کے لیے ہے، ایک سیاسی جماعت کی خواہش تھی کہ کراچی میں 2 لسانی اکائیاں آپس میں لڑیں، شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک محب وطن سیاسی جماعت ہے اور سندھ کے شہری علاقوں میں اس کا ووٹ بینک، مینڈیٹ اور سیاسی حصہ داری موجود ہے۔ جماعت شہری علاقوں میں بدامنی کی کسی صورت متحمل نہیں ہوسکتی، ایم کیو ایم عدم تشدد کی پالیسی پر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، اگر ہماری بات بری لگتی ہے تو دھمکیاں دینے کے بجائے دلیل سے جواب دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 5 روز سے مسلسل واضح کررہے ہیں کہ کراچی میں کشیدگی پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔ گزشتہ روز پارٹی چیئرمین نے بھی واضح کیا تھا کہ شہر میں ایسی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے ایم کیو ایم اپنا کردار ادا کرے گی جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل اور تاریخ کے اعلان کا اختیار پارٹی قیادت کے پاس ہے۔ انہوں نے تمام فریقین سے ہوش مندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل بھی کی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت