مصطفیٰ کمال کے بقول خالد مقبول بھارت گئے اور پاکستان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا تھا، سعید غنی

کراچی: سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی عجیب باتیں کررہے ہیں، یہ باتیں ایک ایسے شخص کی جانب سے کی جارہی ہیں جن کے بارے میں مصطفیٰ کمال یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ وہ بھارت گئے تھے اور انہوں نے پاکستان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا تھا۔
صوبائی اسمبلی میں میڈیا کارنر پر گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا تھا کہ خالد مقبول صدیقی کا نام امریکا کی دہشتگردوں کی فہرست میں تھا، جس کی وجہ سے انہیں وہاں قومی شناخت نہیں مل سکی تھی۔ اگر مصطفیٰ کمال نے یہ باتیں غلط کہی تھیں تو خالد مقبول صدیقی کو ان کا جواب دینا چاہیے تھا۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مطالبات پر گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سندھ کو مشورے دینے والے پہلے اپنے اپنے صوبوں میں مزید صوبے بنائیں، جہاں نیا صوبہ بنانا ہو، وہاں کی متعلقہ صوبائی اسمبلی کو قرارداد منظور کرنا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں خاص طور پر ان رہنماؤں کی باتوں پر حیرت ہوتی ہے جن کا تعلق سندھ سے نہیں ہے۔ خواجہ آصف، طلال چوہدری اور علیم خان کا تعلق کراچی سے نہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں نئے صوبے بنانے کی بات کریں۔
سعید غنی نے کہا کہ نظام کو دوبارہ ترتیب دینے یا ری سیٹ کرنے کی بات پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی بلکہ یہ موضوع کسی اور کی جانب سے سامنے آیا تھا۔ اب جس جماعت یا شخصیت کو یہ موضوع پسند آرہا ہے وہ اس پر بات کررہی ہے۔ اگر کوئی شخص یا سیاسی جماعت اس تجویز سے اتفاق نہیں کرتی تو اسے اپنی رائے دینے کا پورا حق حاصل ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول نے ملک کو درپیش مسائل، ان کے اسباب اور عوام کی مشکلات کے حل کے حوالے سے بات کی ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا یا ملک کے دیگر علاقوں میں اس نوعیت کے لسانی فسادات کی مثال نہیں ملتی جس کا سندھ اور بالخصوص کراچی نے سامنا کیا ہے۔ اس صوبے میں بے گناہ لوگوں کو قتل کیا گیا اور کئی خاندانوں نے اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھائی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت