جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

لکی مروت میں پولیس کی کارروائی، خودکش حملہ آور ہلاک، بڑی دہشتگردی کی کوشش ناکام

قومی خبریں
لکی مروت میں پولیس کی کارروائی، خودکش حملہ آور ہلاک، بڑی دہشتگردی کی کوشش ناکام

لکی مروت: خیبرپختونخوا پولیس نے لکی مروت میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا، جبکہ بڑی مقدار میں بارودی مواد سے بھری گاڑی بھی برآمد کرلی گئی۔

ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق پولیس کو کچھ عرصے سے اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ مزدہ گاڑی کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور گاڑی میں بارودی مواد نصب کرکے اسے دہشتگردی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ان اطلاعات کے بعد لکی مروت پولیس نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے آپریشنز تیز، گشت میں اضافہ اور مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کردی تھیں۔

ترجمان کے مطابق آج تھانہ براگی کی حدود میں مشتبہ گاڑی کی نشاندہی ہونے پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں مقابلے کے دوران ایک مبینہ خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر محکمہ انسداد دہشتگردی، مقامی پولیس اور کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور گاڑی کا معائنہ شروع کردیا۔ گاڑی میں موجود ڈرموں میں بڑی مقدار میں بارودی مواد موجود ہونے کی نشاندہی ہوئی، جس کے باعث علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔ ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی اطلاعات ہیں، اس کی شناخت کی تصدیق کے لیے کارروائی جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنانے پر لکی مروت پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئی جی پی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر پولیس کے بہادر جوانوں نے درجنوں قیمتی جانیں بچائیں، خیبرپختونخوا پولیس عوام کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر سینہ سپر ہے اور دہشتگرد عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت