جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستانی ڈاکٹروں کیلیےپی ایم ڈی سی کا این آر ای اسٹیپ ٹو امتحان 3 مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ

قومی خبریں
پاکستانی ڈاکٹروں کیلیےپی ایم ڈی سی کا این آر ای اسٹیپ ٹو امتحان 3 مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے بیرون ملک سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے پاکستانی ڈاکٹرز کے لیے نیشنل رجسٹریشن ایگزامینیشن (این آر ای) اسٹیپ ٹو کا نیا شیڈول جاری کردیا ہے۔ امتحانات دسمبر 2026 اور جنوری 2027 میں 3 مختلف مراحل میں منعقد کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو رجسٹریشن کے لیے بھی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق این آر ای اسٹیپ ٹو کے امتحانات کے لیے پہلا سیشن 12 اور 13 دسمبر 2026 کو منعقد ہوگا، دوسرا امتحانی سیشن 19 اور 20 دسمبر کو ہوگا، جبکہ تیسرا اور آخری سیشن 2 اور 3 جنوری 2027 کو منعقد کیا جائے گا۔ اس طرح امیدواروں کو امتحان میں شرکت کے لیے 3 مختلف مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق این آر ای اسٹیپ ٹو کے لیے آن لائن رجسٹریشن پورٹل 23 نومبر 2026 کو کھول دیا جائے گا جبکہ امیدوار 2 دسمبر 2026 تک اپنی رجسٹریشن مکمل کراسکیں گے۔ کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں تاکہ امتحان میں شرکت کے حوالے سے کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پی ایم ڈی سی کے اعلان کے مطابق ان امیدواروں کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے جو این آر ای اسٹیپ ٹو کے لیے دستیاب تمام امتحانی مواقع پہلے ہی استعمال کرچکے ہیں۔ ایسے امیدواروں کو ایک اضافی موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ دوبارہ امتحان میں شرکت کرکے اپنی پیشہ ورانہ اہلیت ثابت کرسکیں۔

اضافی موقع میں بھی کامیابی حاصل نہ کرنے والے امیدواروں کو این آر ای اسٹیپ ون کا امتحان دوبارہ دینا ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت امیدواروں کو اپنی طبی قابلیت اور پیشہ ورانہ مہارت ثابت کرنے کے لیے ایک اور موقع فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نیشنل رجسٹریشن ایگزامینیشن بیرون ملک سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی گریجویٹس کے لیے پاکستان میں ڈاکٹر کی حیثیت سے رجسٹریشن اور پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے کے عمل کا اہم حصہ ہے۔ پی ایم ڈی سی کی جانب سے نئے شیڈول کے اجرا سے ایسے امیدواروں کو اپنے امتحانات کی تیاری اور رجسٹریشن کے حوالے سے منصوبہ بندی میں سہولت ملے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت