جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ناسا کے وائجر ون نے تاریخ رقم کردی، زمین سے ایک نوری دن دور پہنچ گیا

قومی خبریں
ناسا کے وائجر ون نے تاریخ رقم کردی، زمین سے ایک نوری دن دور پہنچ گیا

امریکی خلائی ادارے ناسا کے خلائی جہاز وائجر ون نے کائنات کی کھوج کے سفر میں ایک غیر معمولی سنگ میل عبور کرلیا ہے۔

یہ انسانی ساختہ خلائی جہاز اب زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے پر پہنچ چکا ہے، جو خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ وائجر ون زمین سے انتہائی دور پہنچنے والے خلائی جہاز کے طور پر اپنی تاریخی حیثیت مزید مستحکم کرچکا ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق وائجر ون نے 18 نومبر 2026 کو گرینچ معیاری وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 16 منٹ اور 7 سیکنڈ پر یہ فاصلہ مکمل کیا۔

سائنسدانوں کے مطابق ایک نوری دن سے مراد وہ مسافت ہے جو روشنی خلا میں 24 گھنٹوں کے دوران طے کرتی ہے۔ اس فاصلے کی پیمائش تقریباً 16 ارب میل یا 26 ارب کلومیٹر بنتی ہے، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ خلائی جہاز زمین سے کتنی دور نکل چکا ہے۔

وائجر ون کی دوری کا موازنہ انسانی خلائی سفر کے ریکارڈ سے کیا جائے تو اس کی اہمیت مزید واضح ہوجاتی ہے۔

یاد رہے کہ اپریل 2026 میں آرٹیمس ٹو مشن کے خلاباز زمین سے 2 لاکھ 52 ہزار 756 میل دور پہنچے تھے، جو انسانی تاریخ میں اس حوالے سے ایک نیا ریکارڈ تھا۔ اس کے برعکس وائجر ون اب اس فاصلے سے 63 ہزار گنا سے بھی زیادہ دور سفر کرچکا ہے۔

ناسا نے وائجر ون کو 1977 میں خلا کی جانب روانہ کیا تھا۔ اس زمانے میں نظام شمسی کے بیرونی سیاروں کی ایک غیر معمولی ترتیب موجود تھی، جو تقریباً ہر 175 سال بعد رونما ہوتی ہے۔ اس خاص موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خلائی جہاز نے سیاروں کی کششِ ثقل کو استعمال کیا اور ایک سیارے سے دوسرے تک اپنا سفر جاری رکھا۔

اس مشن نے نظام شمسی کے بیرونی حصوں کی کھوج میں اہم کردار ادا کیا اور انسانی خلائی تحقیق کے لیے نئی راہیں کھولیں۔

ایک نوری سال وہ فاصلہ ہے جو روشنی ایک مکمل سال میں طے کرتی ہے، جبکہ وائجر ون کا ایک نوری دن کی مسافت تک پہنچنا اس طویل سائنسی سفر کا ایک اور نمایاں مرحلہ ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت