جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایک سیریز جیتنا کامیابی کا حتمی فیصلہ نہیں، بہتر نتائج کیلئے وقت درکار ہے: بابراعظم

قومی خبریں
ایک سیریز جیتنا کامیابی کا حتمی فیصلہ نہیں، بہتر نتائج کیلئے وقت درکار ہے: بابراعظم

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ایک میچ یا سیریز میں کامیابی سے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا، ٹیم کو مستحکم ہونے اور بہتر نتائج دینے کے لیے وقت درکار ہے۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں نیا جوش اور توانائی دیکھنے میں آئی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور خصوصاً فیلڈنگ میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد دینا سینئر کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے اور نئے کھلاڑیوں نے ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ آئندہ بھی کوشش ہوگی کہ ان مواقع کو مستقل اور طویل المدتی کارکردگی میں تبدیل کیا جائے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے ساتھ سینئر کھلاڑیوں کو شامل کرکے نئی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے، جس کے لیے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینا ہوں گے۔ مختلف حالات اور حریف ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا بہتر اندازہ ہوتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت