چھوٹے صوبے بنانے سے پہلے بنیادی اصلاحات ضروری ہیں، خواجہ سعد رفیق
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام مثبت اقدام ہوسکتا ہے، تاہم بنیادی اصلاحات کے بغیر اس کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں شفاف جمہوریت، سیاسی مداخلت کا خاتمہ، متوسط طبقے کی سیاست میں شمولیت اور سول سروس و عدالتی اصلاحات کو ترجیح دینی چاہیے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبے بنا کر سیاسی سلطنتوں کی جگہ محدود بادشاہتیں قائم نہیں ہونی چاہئیں۔ موجودہ سیاسی کشیدگی، دہشت گردی، غربت اور نظامِ عدل کے مسائل حل کیے بغیر نئے صوبوں کا قیام مزید پیچیدگیاں پیدا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھوک، غربت، ناانصافی، بنیادی حقوق کی پامالی اور سیاسی انتقام جیسے مسائل پر قابو پانا ضروری ہے، جبکہ جلد بازی میں نئے صوبوں کے قیام کے اقدام کو متنازع بنانے سے گریز کیا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت