نیتن یاہو کا ایران کے خلاف خفیہ منصوبہ، موساد کو الگ کارروائی کی تیاری کا حکم
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف ایک خفیہ کارروائی کی تیاری کا حکم دینے سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے 4 باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ نیتن یاہو نے موساد کے سربراہ رومن گوفمین کو ایران کے اندر خفیہ آپریشن کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی تھی، جبکہ ابتدائی مرحلے میں کابینہ اور فوجی قیادت کو اس پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل سامنے آیا، جب ملک کی فوجی قیادت ایران پر دوبارہ حملوں کے منصوبے کی مخالفت کررہی تھی۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے حوالے سے تحفظات ظاہر کیے تھے، جس کے بعد نیتن یاہو نے موساد کے ذریعے ایک علیحدہ خفیہ آپریشن کی تیاری کا راستہ اختیار کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے ذرائع کے مطابق نیتن یاہو نے فوجی قیادت کی مخالفت کے باوجود ایران کے اندر کارروائی کی تیاری جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر کو مجوزہ حملے کے منصوبے کا علم اس پر عمل درآمد سے پہلے ہوگیا تھا۔
اس کے باوجود کارروائی کی اصل نوعیت، طریقہ کار اور دیگر تفصیلات منظرعام پر نہیں آسکیں۔
دوسری جانب اسرائیلی سیکیورٹی حکام کی جانب سے اس دعوے پر اختلاف سامنے آیا ہے۔ ایک اسرائیلی سیکیورٹی عہدیدار نے اس تاثر کی تردید کی کہ ایران کے خلاف کوئی منصوبہ فوج کو لاعلم رکھ کر تیار کیا جارہا تھا۔
رپورٹ میں بیان کردہ تفصیلات اور اسرائیلی حکام کے مؤقف میں واضح فرق دکھائی دیتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے بھی اس معاملے پر ردعمل حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم غیر ملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے بھیجی گئی سوالات کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
یاد رہے کہ موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے امریکی حکام سے ملاقاتوں کے دوران ایران کے خلاف مشترکہ حملوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت