ہمارےلانگ مارچ کی حکمت عملی تھی اور نہ کوئی پلان تھا: شوکت یوسفزئی
پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پارٹی کے پاس لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی حکمت عملی یا منصوبہ بندی نہیں تھی۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے لانگ مارچ کے لیے نہ کوئی حکمت عملی تھی اور نہ ہی کوئی منصوبہ، ہمیں مسلسل بتایا جاتا رہا کہ منصوبہ آرہا ہے اور اس حوالے سے کسی اور کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اگر سہیل آفریدی گرفتار ہوتے ہیں تو کوئی اور منصوبہ دے گا۔ جب جنید اکبر، اسپیکر اور سہیل آفریدی گرفتار ہوئے تو وہ منصوبے کا انتظار کرتے رہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 24 ستمبر کو خط لکھا تھا، جس کے بعد 25 ستمبر کو اجلاس بھی بلایا گیا۔ اس اجلاس میں سہیل آفریدی، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، جنید اکبر اور سلمان اکرم راجہ شریک تھے۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق انہوں نے اجلاس میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی اور کہا کہ لانگ مارچ فی الحال ملتوی کردیا جائے، اس کی کوئی تاریخ نہ دی جائے اور حکومت سے مذاکرات کیے جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر حکومت مطالبات تسلیم نہیں کرتی تو پھر لانگ مارچ کی کال دی جائے، تاہم سہیل آفریدی، شفیع جان اور دیگر رہنماؤں نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ لانگ مارچ ہر صورت کیا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت